گریم اسمتھ بینونی زلمی کے ہیڈ کوچ مقرر

پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی کا کہنا ہے کہ سابق جنوبی افریقی کپتان گریم اسمتھ کو بینونی زلمی کا ہیڈ کوچ مقرر کر دیا گیا ہے۔

جوہانسبرگ میں پریس کانفرنس کے دوران پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے بینونی زلمی کے کوچنگ اسٹاف کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ گریم اسمتھ بینونی زلمی کا کوچ اور بائیں ہاتھ سے کھیلنے والے جنوبی افریقی فرسٹ کلاس کرکٹر جیفری ٹویانا کو نائب کوچ مقرر کیا گیا۔

بینونی زلمی کے کوچ بننے پر گریم اسمتھ کا کہنا تھا کہ وہ زلمی بینونی کا حصہ بننے پر خوش ہیں جبکہ اپنی مہارت اور قیادت کے تجربے کی بدولت بینونی زلمی کو گلوبل ٹی ٹوئنٹی لیگ کی ٹاپ ٹیم بنانے کے لیے بھی پر عزم ہیں۔

سابق جنوبی افریقی کپتان گریم اسمتھ نے بینونی زلمی اور پشاور زلمی کے چیئر مین جاوید آفریدی کے ساتھ کام کرنے کے تجربے کو زبردست قرار دیا۔

اس موقع پر بینونی زلمی اور پشاور زلمی کے چیئر مین جاوید آفریدی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’پاکستان میں زلمی نوجوانوں کے لیے امید کا ایک روشن مینارہ ہے اور بینونی زلمی کی صورت میں جنوبی افریقہ کے نوجوان کرکٹرز کے لیے مواقع اور امید پیدا کرنا چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بحیثیت ایک کاروباری منتظم، انہیں ہمیشہ اس امر پر یقین رہا ہے کہ قائدانہ صلاحیتیں پیدا کر کے ہی مثبت تبدیلی کا عمل تیز کیا جا سکتا ہے اور قائدانہ صلاحیتوں کے اظہار کی بہترین جگہ کھیل کا میدان ہی ہے۔

جاوید آفریدی نے امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ گریم اسمتھ کے اہم ترین مشوروں اور رہنمائی کی بدولت نوجوانوں کی زندگیوں میں بینونی زلمی کے پلیٹ فارم سے آنے والی تبدیلیوں کے منتظر ہیں۔

خیال رہے کہ رواں ماہ 27 اگست کو ’گلو بل ٹی ٹوئنٹی لیگ‘ میں شامل 8 ٹیمیں جنوبی افریقی شہر کیپ ٹاؤن میں ایک ڈرافٹ کے ذریعے اپنے اسکواڈ کا انتخاب کریں گی۔

انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی ٹیم رائل چیلنجرز بنگلور سے منسلک رسل ایڈمز گلوبل ٹی ٹوئنٹی لیگ کے ٹورنامنٹ ڈائریکٹر کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔

install suchtv android app on google app store