پی سی بی کی شہریار خان کے اعزاز میں الوداعی تقریب

پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین شہریارخان اور نجم سیٹھی پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین شہریارخان اور نجم سیٹھی

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سابق چیئرمین شہریارخان کے اعزاز میں قذافی اسٹیڈیم لاہور میں الوداعی تقریب کا اہتمام کیا جہاں انھوں نے پی سی بی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مختلف شعبوں کے عہدیداروں کی تعریف کی۔

پی سی بی کے نومنتخب چیئرمین نجم سیٹھی نے تقریب سے خطاب کے دوران شہریار خان کی پاکستان کرکٹ کے لیے خدمات پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے پاکستان کرکٹ کے سوفٹ امیج کو پوری دنیا کے سامنے لانے کے لیے سخت محنت کی ہے۔

بورڈ کے اعلامیے کے مطابق نجم سیٹھی نےاپنے خطاب میں شہریارخان کے بطور پی سی بی چیئرمین خدمات پر مفصل روشنی ڈالی۔

پی سی بی کے سابق چیئرمین شہریار خان نے اس موقع پر نجم سیٹھی اورانتظامیہ کے سینئرعہدیداروں کی جانب سے گزشتہ تین برسوں کے دوران تعاون پر شکریہ ادا کیا۔

انھوں نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے کامیاب انعقاد اور دوسرے ایڈیشن کا فائنل لاہور میں منعقد کرنے کے لیے نجم سیٹھی اور دیگر عہدیداروں کے کوششوں کو اجاگر کیا۔

قومی ٹیم کے کوچنگ اسٹاف کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ چمپیئنزٹرافی میں کامیابی کے پیچھے ان کی ان تھک محنت کارفرما تھی۔

شہریار خان کا کہنا تھا کہ نجم سیٹھی پی سی بی کے چیئرمین کے لیے موزوں شخص تھے اور یہ پاکستان کرکٹ کو آگے لے کر جائیں گے۔

انھوں نے کہا ہے کہ نئے چیئرمین اپنے وژن اور کوششوں سے پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کو واپس لائیں گے۔

خیال رہے کہ 9 اگست کو پی سی بی کی گورننگ باڈی کے اجلاس میں نجم سیٹھی کو اگلے تین برسوں کے لیے بورڈ کا چیئرمین منتخب کیا گیا تھا۔

install suchtv android app on google app store