سری لنکن ٹیم دورہ پاکستان کیلئے رضامند

سری لنکن ٹیم دورہ پاکستان کیلئے رضامند سری لنکن ٹیم دورہ پاکستان کیلئے رضامند

سری لنکا میں کرکٹ کے امور چلانے والا ادارہ ’سری لنکا کرکٹ‘ رواں برس دورہ پاکستان کے لیے اپنی قومی کرکٹ ٹیم بھیجنے کے لیے رضا مند ہوگیا۔

سری لنکن کرکٹ چیف تھیلنگا سوماتھیپالا نے کہا کہ سیکیورٹی کی جانچ پڑتال کے بعد کرکٹ ٹیم کو 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے کی اجازت دے دی گئی ہے جن میں سے کم از کم ایک لاہور میں کھیلا جائے گا۔

خیال رہے کہ 3 مارچ 2009 کو دہشت گردوں نے سری لنکن کرکٹ ٹیم کی بس کو اُس وقت فائرنگ کا نشانہ بنایا تھا، جب وہ ٹیسٹ میچ کھیلنے کے لیے لاہور کے قذافی اسٹیڈیم جارہے تھے۔

اس واقعے میں پنجاب پولیس کے اہلکاروں نے جواںمردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشت گردوں کو بھاگنے پر مجبور کردیا اور سری لنکن ٹیم کی بس کے ڈرائیور نے ٹیم کو اسٹیڈیم تک پہنچا دیا تھا تاہم دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 6 پولیس اہلکاروں سیمت 8 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے کے نتیجے میں سری لنکن ٹیم کے 7 کھلاڑی زخمی ہوگئے تھے، جبکہ پاکستانی امپائر احسن رضا بھی اس حملے میں دہشت گردوں کی گولیوں کا نشانہ بننے کے بعد زخمی ہوگئے تھے۔

سری لنکا کرکٹ کے چیف سوما تھیپالا نے اپنے بیان میں کہا کہ ان کے ایک سیکیورٹی وفد نے پاکستان کا دورہ کیا اور وہاں پر سیکیورٹی کی صورتحال کا جائزہ لیا جس کے بعد سری لنکا ٹیم کو پاکستان جاکر کھیلنے کی اجازت دی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ سری لنکا اور پاکستان آئندہ ماہ 3 ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سریز کھیلیں گے اور ہم چاہتے ہیں کہ ان میں سے ایک میچ لاہور میں کرایا جائے۔

لاہور واقعے کے بعد سے لے کر اب تک پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کے دروازے بند ہیں جبکہ 2015 میں زمبابوے نے پاکستان کا دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے 2 ون ڈے اور 2 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے تھے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین نجم سیٹھی نے سری لنکن کرکٹ بورڈ کی جانب سے اپنی قومی ٹیم کو پاکستان بھیجنے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا۔

پی سی بی چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا کہ سری لنکن کرکٹ کے صدر اور ان کے درمیان خوشگوار ماحول میں گفتگو ہوئی۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ واپس لانے کے لیے پی سی بی کی کوششوں میں مدد کرنے کے لیے سری لنکن بورڈ کے اس فیصلے سے نہایت خوش ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ پی سی بی اکتوبر میں ایک یا دو ٹی ٹوئنٹی میچز کی میزبانی کی تیاریوں کا آغاز کر دے گا۔

اس فیصلے کو ایک ’تاریخی فیصلہ‘ قرار دیتے ہوئے چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے کہا کہ ایک مرتبہ سری لنکن کرکٹ ٹیم نے پاکستان کا دورہ کرلیا تو دیگر ٹیموں کو بھی پاکستان لانا آسان ہوجائے گا۔

سری لنکن کرکٹ کے سربراہ نے خانہ جنگی کے دوران پاکستان ٹیم کی جانب سے سری لنکا کے دوروں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ’گذشتہ 3 دہائیوں میں سری لنکا دہشت گردی کا شکار رہا اور اس دوران کوئی بھی ٹیسٹ ٹیم سری لنکا آکر کھیلنے کے لیے تیار نہیں تھی، ایسے میں پاکستان ٹیم نے سری لنکا کے دورے کیے اور ہر مشکل گھڑی میں ہمارے ساتھ کھڑی رہی‘۔

install suchtv android app on google app store