ویمنز ورلڈ کپ کا میلہ آج سے انگلینڈ میں سجے گا

ویمنز ورلڈ کپ فائل فوٹو ویمنز ورلڈ کپ

آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کا میلہ ہفتے سے انگلینڈ میں سجنے جا رہا ہے تاہم پاکستانی مہم کا آغاز اتوار کو جنوبی افریقہ کیخلاف میچ سے ہوگا۔

آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کا 11واں ایڈیشن ہفتے سے انگلینڈ میں شروع ہوگا،ابتدائی دن شیڈول 2 مقابلوں میں میزبان انگلینڈ کا سامنا بھارت سے ہوگا، سری لنکن ٹیم نیوزی لینڈ سے مقابلہ کریگی۔

پاکستانی مہم کا آغاز اتوار کو جنوبی افریقہ کیخلاف میچ سے ہوگا، ٹیم کی قیادت ثنامیر کررہی ہیں، وہ ایونٹ میں اپنے ون ڈے میچز کی سنچری مکمل کرلیں گی،ثنا پہلے ہی 104 وکٹیں حاصل کرنے پر پاکستان کی کامیاب ترین بولر کا اعزاز اپنے نام کر چکی ہیں۔

پاکستانی ٹیم میں شامل کھلاڑیوں کے نام یہ ہیں، ثنا میر ( کپتان )، اسماویہ اقبال، عائشہ ظفر، بسمہ معروف، ڈیانا بیگ، غلام فاطمہ، جویریہ خان، کائنات امتیاز، مرینہ اقبال، ناہیدہ خان، نین عابدی، نشری سندھو، سعدیہ یوسف، سدرہ نواز اور وحیدہ اختر۔

دوسری جانب 24 سالہ ڈین وان نیکرک جنوبی افریقی ٹیم کی قیادت کرینگی، انھوں نے رواں برس فروری میں ون ڈے انٹرنیشنل میں 1 ہزار رنز اور 100 وکٹیں پانے والی ساتویں کھلاڑی کا اعزاز حاصل کیا تھا، دفاعی چیمپئن ٹیم آسٹریلیا اب تک 6 بار ایونٹ کی ٹرافی اپنے نام کرچکی ہے، اس کی نگاہیں اب ساتویں ٹائٹل پر مرکوز ہوں گی۔

انگلش ٹیم اس سے قبل 2 بار میزبانی کرچکی ہے اور حسن اتفاق ہے کہ 1973 اور1993 میں دونوں بار وہ چیمپئن بننے میں کامیاب رہی تھی، انگلینڈ نے سڈنی میں منعقدہ 2009 کا ایڈیشن بھی جیتا ہے، ایونٹ میں مجموعی طور پر 31 میچز کھیلے جائینگے، ان میں سے 10 براہ راست ٹی وی پر بھی نشر کیے جائینگے، 6 بار کی فاتح آسٹریلوی ٹیم اگرچہ اس بار بھی فیورٹ ہوگی لیکن اسے دیگر ممالک سے سخت مسابقت کا سامنا رہے گا۔

کپتان میک لیننگ اب تک ون ڈے انٹرنیشنل میں 10 سنچریاں بنا چکی ہیں ، وہ 4 برس قبل بھارتی سرزمین پر ٹرافی جیتنے والی ٹیم کی بھی رکن رہی ہیں، انھوں نے کہا کہ ہم نے خود پر اچھا پرفارم کرنے کا دباؤ رکھا ہے، ہم نے اپنے لیے اعلی معیارات مقرر کیے اورانھیں برقرار رکھنا چاہتی ہیں، ویسٹ انڈین ٹیم نے گزشتہ برس ورلڈ ٹی 20 ٹرافی جیتنے کی بدولت خاصا اعتماد پایا ہے۔
کپتان اسٹیفنی ٹیلر ورلڈ کپ میں پہلی بارقیادت کررہی ہیں، وہ ون ڈے اور ٹی 20 ا نٹرنیشنل میں نمبرون پلیئر بننے کا اعزاز بھی رکھتی ہیں، انھوں نے کہا کہ 50 اوورز کی کرکٹ میں مائنڈ سیٹ قدرے مختلف اور اس میں صبر درکار ہوتا ہے۔

ہفتے کو ڈربی میں میزبان انگلینڈ کا سامنا بھارت سے ہوگا جبکہ برسٹل میں نیوزی لینڈ اور سری لنکا آمنے سامنے آئیں گے، تجربہ کار بھارتی کپتان متھالی راج نے کہا کہ ہمارا پہلا ہدف سیمی فائنل میں جگہ یقینی بنانا ہوگا لیکن اس کیلیے پورے ایونٹ میں اچھا کھیل پیش کرنے کی ضرورت ہوگی، نیوزی لینڈ کی ٹیم بھی گزشتہ تمام 10ویمنز ورلڈ کپ ایونٹس میں شامل رہی لیکن ابھی تک ٹرافی پر قبضہ نہیں جما سکی ہے، دوران ایونٹ کیوی کرکٹرز سوزی بیٹس اور ایمی سیٹرویتھ 100 میچز مکمل کریں گی، 2000 کے ایڈیشن میں نیوزی لینڈ نے دوسری پوزیشن پر اختتام کیا تھا، 16 سالہ لیگ اسپنر امیلیا کیر کو بھی اسکواڈکا حصہ بنایا گیا ہے۔

install suchtv android app on google app store