وزیر کھیل کو ’بندر‘ کہنے پر ملنگا سے تحقیقات

لاستھ ملنگا لاستھ ملنگا

چیمپیئنز ٹرافی میں ناکامی پر مختلف ملکوں کی جانب سے اپنے کھلاڑیوں پر تنقید کا سلسلہ جاری ہے اور اسی طرح سری لنکن کرکٹرز کی ناقص کارکردگی پر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا گیا جس پر لاستھ ملنگا بھڑک گئے۔

سری لنکن ٹیم کی چیمپیئنز ٹرافی کے سیمی فائنل میں رسائی میں ناکامی پر حکام کی جانب سے تنقید کا سلسلہ جاری ہے جہاں وزیر کھیل نے بھی اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہوئے کہا کہ ہمارے کھلاڑی بہت موٹے ہیں۔

مایہ ناز سری لنکن فاسٹ باؤلر سے یہ تنقید برداشت نہ ہوئی اور انہوں نے مذکورہ وزیر کا بندر سے موازنہ کردیا جس پر سری لنکن حکام حرکت میں آ گئے اور ملنگا کے خلاف کارروائی شروع ہو گئی۔

وزیر کھیل دیاسری جیاسیکرا نے کہا کہ اس بیان پر ملنگا سے تفتیش کی جا رہی ہے کیونکہ سری لنکن کرکٹ بورڈ کے معاہدے کی خلاف ورزی ہے۔

وزیر کھیل نے کہا کہ میں نے کھلاڑیوں کے فٹنس لیول پر بات کی تھی اور ملنگا کا نام تک نہیں لیا تھا لیکن انہوں نے سرعام میرا نام لیا۔

ملنگا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر کھیل کو کرکٹ کا کچھ بھی پتہ نہیں۔ مجھے ان لوگوں کی تنقید کی پروا نہیں جو آرام دہ کرسیوں پر بیٹھے ہیں۔ ایک بندر کیا جانے کہ طوطے کا گھونسلہ کتنا کھوکھلا ہے۔ یہ ایسے ہی ہے کہ ایک بندر، طوطے کے گھونسلے میں آ کر اس بارے میں بات کرے۔

جیاسیکرا نے چیمپیئنز ٹرافی کی مہم میں ناکامی کے بعد کہا تھا کہ کچھ کھلاڑیوں کی توندیں نکلی ہوئی ہیں جس کی وجہ سے وہ اپنی جگہ سے ہل بھی نہیں پاتے اور وہ کیچ بھی نہیں پکڑ پاتے۔

یاد رہے کہ چیمپیئنز ٹرافی میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان اہم میچ میں سری لنکن فیلڈرز نے اہم مواقعوں پر ملنگا کی گیند پر پاکستان کے کپتان سرفراز احمد کے دو کیچز ڈراپ کیے تھے اور اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا تھا۔

وزیر کھیل نے حکم دیا تھا کہ انگلینڈ سے واپسی پر کھلاڑیوں کےفٹنس ٹیسٹ لیے کیونکہ ان میں سے بہت سے کرکٹرز موٹے ہیں۔ ایک کھلاڑی کے جسم میں زیادہ سے زیادہ 16فیصد چربی ہوتی ہے لیکن ہمارے اکثر کھلاڑیوں کے جسم میں 25فیصد سے زیادہ چربی ہے۔

install suchtv android app on google app store