انیل کمبلے بھارتی کرکٹ ٹیم کے کوچ کے عہدے سے مستعفی

انیل کمبلے انیل کمبلے

آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کے فائنل میں ٹیم کی پاکستان سے شکست کے بعد بھارتی کرکٹ ٹیم کے کوچ انیل کمبلے نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ اے این آئی کی رپورٹ کے مطابق انیل کمبلے کا بطور ٹیم کوچ کانٹریکٹ کی مدت ختم ہوگئی جس کے بعد وہ اس کی تجدید نہیں چاہتے۔

تاہم ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ میں کہا گیا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) میں یہ خیال پایا جاتا ہے کہ بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے سچن ٹنڈولکر، سوروو گنگولی اور وی وی ایس لکشمن پر کرکٹ ایڈوائزری کمیٹی کے ساتھ ملاقات میں یہ واضح کردیا تھا کہ اب ان کے انیل کمبلے کے ساتھ تعلقات استوار نہیں ہوسکتے۔

رپورٹ کے مطابق آئی سی سی ایونٹ کے دوران بھی انیل کمبلے اور ویرات کوہلی کے درمیان کوئی بات چیت ہوتی نظر نہیں آئی اور کمبلے زیادہ تر کھلاڑیوں کے ساتھ باؤلنگ پریکٹس میں مصروف رہے۔

انیل کمبلے بھارتی کرکٹ ٹیم کے کامیاب کوچ رہے جن کے دور میں بھارت نے 17 میں سے 12 ٹیسٹ میچز میں کامیابی حاصل کی۔

ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ میں کہا گیا کہ انیل کمبلے کے مستعفی ہونے کے بعد ٹنڈولکر، گنگولی اور لکشمن کو ٹیم کے اگلے کوچ کے انتخاب کا ٹاسک دے دیا گیا ہے۔

چیمپیئنز ٹرافی کے اختتام کے بعد انیل کمبلے، ٹیم کے ساتھ دورہ ویسٹ انڈیز کے لیے روانہ ہونے کے بجائے آئی سی سی کی سالانہ کانفرنس میں شرکت کے لیے لندن میں ہی رک گئے ہیں جو 19 سے 23 جون تک جاری رہے گی۔ انیل کمبلے اور ویرات کوہلی کے درمیان چند روز قبل اختلافات کی خبریں سامنے آئی تھیں۔

install suchtv android app on google app store