کنگسٹن ٹیسٹ: پاکستان کی پوزیشن مستحکم

لیگ اسپنر یاسر شاہ لیگ اسپنر یاسر شاہ

پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 121 رنز کی برتری حاصل کرنےکے بعد یاسر شاہ کی بہترین باؤلنگ کی بدولت میزبان ٹیم کے چار بلے بازوں کو 93 رنز پر آؤٹ کرکے اپنی پوزیشن مستحکم کرلی۔

کنگسٹن میں کھیلے جارہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں جب ویسٹ انڈیز نے دوسری اننگز میں بیٹنگ کا آغاز کیا تو انھیں پاکستان کی 121 رنز کی برتری کا سامنا تھا۔

لیگ اسپنر یاسر شاہ نے کریگ بریتھویٹ کو 22 کے اسکور پر آؤٹ کرکے پاکستان کو پہلی کامیابی دلادی جس کے بعد کیرن پاول اور ہیٹمیر کے درمیان 50 رنز کی شراکت ہوئی تاہم یاسر شاہ نے ان کی شراکت کو ختم کردی۔

شیمرون ہیٹمیر20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، شے ہوپ کو 84 کے اسکور پر آؤٹ کرکےیاسر نے پاکستان کو تیسری کامیابی دلادی۔

چوتھے روز کے اختتامی لمحات میں 49 رنز بنا کر پاکستان کے لیے مشکل نظر آنے والے بلے باز کو یاسر شاہ نے آؤٹ کرکے میچ میں پاکستان کی گرفت مضبوط بنالی۔

چوتھے روز کے کھیل کے اختتام پر ویسٹ انڈیز نے 4 وکٹوں پر 93 رنز بنا لیے تھے اور انھیں پاکستان کی برتری کو ختم کرنے کے لیے مزید 28 رنز درکار ہیں۔

قبل ازیں سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے 201 رنز چار کھلاڑی آؤٹ سے اپنی پہلی نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو اسد شفیق اور مصباح الحق وکٹ پر موجود تھے۔

دونوں کھلاڑیوں نے گزشتہ روز کی طرح محتاط انداز اپنایا اور سست روی سے بیٹنگ کرتے ہوئے بتدریج اسکور کو آگے بڑھانے کی کوشش کی لیکن اسد شفیق 22 رنز بنانے کے بعد وکٹ گنوا بیٹھے۔

اس کے بعد نائب کپتان سرفراز احمد کی وکٹ پر آمد ہوئی اور انہوں نے روایتی جارحانہ انداز اپناتے ہوئے تیزی سے اسکور کرنا شروع کیا۔

مصباح اور سرفراز نے 88 رنز کی شراکت قائم کی جس میں سرفراز کے 54 رنز شامل تھے جن کی وکٹیں دویندرا بشو نے بکھیر دیں۔

سرفراز کے آؤٹ ہونے کے بعد ٹیل اینڈرز کپتان کا زیادہ ساتھ نہ نبھا سکے اور مصباح دوسرے اینڈ سے ساتھی کھلاڑیوں کی پویلین واپسی کا تماشا دیکھتے رہے۔

محمد عامر 11، وہاب ریاض نو اور یاسر شاہ آٹھ رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔

پاکستان ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے بہترین بلے بازی کا مظاہرہ کیا لیکن وہ صرف ایک رن کی فرق سے اپنی سنچری مکمل نہ کرپائے۔

مصباح الحق 99 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ اپنا پہلا میچ کھیلنے والے عباس ایک رن بنا کر چیز کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں 407 رنز بنا کر ویسٹ انڈیز کے خلاف 121 رنز کی برتری حاصل کی۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے گیبرئیل اور جوزف نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں۔

خیال رہے کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم پہلی اننگز میں محمد عامر کی بہترین باؤلنگ کی بدولت 286 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی تھی۔

install suchtv android app on google app store