پاکستان پہلی مرتبہ ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ کا میزبان

پاکستان پہلی مرتبہ ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ کا میزبان پاکستان پہلی مرتبہ ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ کا میزبان

پاکستان اگلے ماہ ویسٹ انڈیز کے خلاف شروع ہونے والی سیریز میں پہلے ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کی میزبانی کرے گاجس کے شیڈول کا بضابطہ اعلان کردیا گیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز شیڈول جاری کردیا جس کے مطابق سیریز کا باقاعدہ آغاز 23 ستمبر کو ہوگا اور 3 نومبر تک جاری رہے گی جس میں ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کے بالترتیب 3،3 میچز کھیلے جائیں گے۔

ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ ڈے اینڈ نائٹ ہوگا جو13 اکتوبر کو دبئی میں شروع ہوگا۔

واضح رہے آسٹریلیا نے گزشتہ سال واحد ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کی میزبانی کی تھی، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے اس میچ میں تماشائیوں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔

پاکستان ٹیم رواں سال دوسرا ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ آسٹریلیا کے دورے میں کھیلے گی جبکہ آسٹریلیا رواں سال دو ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچوں کی میزبانی کرے گا جس میں پاکستان کے علاوہ جنوبی افریقہ کے خلاف ایک میچ بھی شامل ہے۔

پاکستان نے آسٹریلیا کی دعوت پر دورے میں ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ کھیلنے پر رضامندی ظاہر کی تھی جس کے بعد ویسٹ انڈیز کو پی سی بی کی جانب سے پیش کش کی گئی جو قبول ہوئی۔

ویسٹ انڈیز کے خلاف ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ سے قومی ٹیم کی آسٹریلیا سے میچ کے لیے اچھی تیاری ہوگی۔

پی سی بی کا اعلامیے میں کہنا ہے کہ 'ہم 13 اکتوبر سے 17 اکتوبر تک پہلی مرتبہ ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کی میزبانی کریں گے جو گلابی رنگ کی گیند سے دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا'۔

پی سی بی نے ٹی ٹوئنٹی سیریز کی میزبانی پاکستان میں کرنے کی پیش کش کی تھی جس کو ویسٹ انڈیز نے سیکیورٹی خدشات کے باعث ٹھکرادیا۔

خیال رہے پاکستان 2009 میں سری لنکن ٹیم پر لاہور میں ہونے والے حملے کے بعد بین الاقوامی میچوں کی میزبانی سے محروم ہے۔

قومی ٹیم نے گھر سے باہر متحدہ عرب امارات میں کھیلنے کے باوجود ٹیسٹ درجہ بندی میں سرفہرست پوزیشن حاصل کرلی۔

پاکستان کرکٹ کے لیے سنگ میل

پی سی بی کے چیئرمین شہریارخان کا ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میں مداحوں کی دلچسپی کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہنا تھا کہ 'یہ پاکستان کے لیے ایک سنگ میل ثابت ہوگا'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'پاکستان اس وقت ٹیسٹ کی درجہ بندی میں سرفہرست ہے، مجھے یقین ہے کہ یہ چیز مداحوں کو میدان میں آکر نمبرایک ٹیم کو دیکھنے کے لیے اچھی طرح راغب کرے گی'۔

شہریارخان نے کہا کہ 'یہ ٹیسٹ پی سی بی کو آمدنی بڑھانے میں مددگار ہوگا اور بھرپور مالی فائدہ حاصل ہوگا'۔

ویسٹ انڈیز کی ٹیم اگلے ماہ متحدہ عرب امارات پہنچے گی جہاں سیریز کا پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ 23 ستمبر کو دبئی میں ہوگا جبکہ دوسرا میچ 24 ستمبر کو اسی میدان میں اور تیسرا ٹی ٹوئنٹی 27 ستمبر کو ابوظہبی میں کھیلا جائے گا۔

ون ڈے سیریز کا آغاز 30 سمتبر کو شارجہ میں ہوگا جہاں 2 اکتوبر کو دوسرا ون ڈے بھی کھیلا جائے گا،تیسرا اور آخری ون ڈے 5 اکتوبر کو ابوظہبی میں ہوگا، سیریز کے تینوں میچ ڈے اینڈ نائٹ ہوں گے۔

سیریز کا اختتام ٹیسٹ میچوں سے ہوگا، پہلا ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ دبئی میں 13 اکتوبر کو شروع ہوگا، دوسرا ٹیسٹ ابوظہبی میں 21 اکتوبر اور آخری ٹیسٹ میچ 30 اکتوبر کو شارجہ میں شروع ہوگا۔

install suchtv android app on google app store