اظہر علی ون ڈے میں بہترین کارکردگی کیلئے پرعزم

پاکستان ون ڈے ٹیم کے کپتان اظہرعلی پاکستان ون ڈے ٹیم کے کپتان اظہرعلی

پاکستان ون ڈے ٹیم کے کپتان اظہرعلی نے انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کی طرح ون ڈے میں بھی کارکردگی دکھانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم کا اعتماد بلند ہے۔

اظہرعلی انگلینڈ کے خلاف 4 میچوں کی سیریز کو 2-2 سے برابر کرکے آئی سی سی کی درجہ بندی میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی پاکستانی ٹیم کا حصہ تھے جبکہ ون ڈے سیریز میں قومی ٹیم کی قیادت کریں گے۔

پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز برابرکرنے کے بعد ہندوستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان جاری سیریز کا آخری میچ جیسے ہی بغیر نتیجے کے ختم ہوا تو درجہ بندی میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی تھی۔

دوسری جانب پاکستان ٹیم ون ڈے میں بدترین 9 ویں پوزیشن پر براجمان ہے جہاں بنگلہ دیش جیسی کم تجربے کی حامل ٹیم بھی ان سے بہتر نمبر پر موجود ہے۔

پاکستان ٹیم کو ورلڈکپ 2019 میں براہ راست رسائی کے لیے غیرمعمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے۔

اظہرعلی نے امید کا اظہار کیا کہ قومی ٹیم ٹیسٹ سیریز کی فارم کو جاری رکھتے ہوئے ون ڈے میں بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ 'ٹیسٹ سیریز کی وجہ سے ٹیم کا اعتماد بہت بلند ہے کیونکہ یہاں پر ہمارے گزشتہ چند ماہ بہت اچھے گزرے ہیں اور اس اعتماد کو ایک روزہ کرکٹ میں منتقل کریں گے'۔

پاکستان ون ڈے ٹیم کے کپتان نے کہا کہ 'نمبر ایک ٹیم کی حیثیت سے اعتماد میں غیرمعمولی اضافہ ہوا ہے اور پاکستان کرکٹ کے لیے یہ فخر کا لمحہ ہے اور پوری قوم اس پر بہت خوش ہے اسی طرح ٹیم کے کھلاڑی بھی بہت خوش ہیں'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'یہ ہمارے لیے یقیناً اچھی بات ہے، اس وقت ایک روزہ کرکٹ میں ہماری پوزیشن اچھی نہیں ہے لیکن ہم اس موقع سے فائدہ اٹھائیں گے اور توقع ہے کہ جس طرح ٹیم کارکردگی کا مظاہرہ کررہی ہے وہ اسی طرح ون ڈے میں بھی دکھائے گی'۔

انگلینڈ ٹیم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے اظہر کا کہنا تھا کہ 'ورلڈ کپ کے بعد انگلینڈ نے جارحانہ اور بے خوف کرکٹ کا مظاہرہ کیا ہے اور اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کررہی ہے'۔

اظہرعلی کا کہنا تھا کہ 'ہم اس بات سے باخبر ہیں اس لیے ہمیں بھی ان کے خلاف جارحانہ کھیل پیش کرنا ہوگا'۔

پاکستانی کپتان نے کہا کہ 'ہم سب پراعتماد ہیں، ہمیں کوئی بھی فیورٹ قرار نہیں دے رہا سوائے چند لوگوں کے جنھوں نے کہا کہ ہم مقابلہ کرسکتے ہیں'۔

پاکستان ٹیم نے انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے بعد آئرلینڈ کو ایک میچ میں 255 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دی تھی جبکہ سیریز کا دوسرا میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا۔

قومی ٹیم انگلینڈ کے خلاف 5 ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں بدھ کو ساؤتھ ہمپٹن میں نبردآزما ہوگی جبکہ میزبان ٹیم میں آل راؤنڈربین اسٹوکس اور فاسٹ باؤلر مارک ووڈ کی واپسی ہوئی ہے تاہم اسٹوکس کو بلےباز کی حیثیت سے ٹیم میں جگہ دیے جانے کا امکان ہے۔

اظہرعلی کا کہنا تھا کہ 'مارک ووڈ ایک اچھا باؤلر ہے اسی طرح اسٹوکس بہت اچھا آل راؤنڈر اور ایک اچھا بلےباز بھی ہے'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'ان کی ٹیم میں موجود ہر کھلاڑی میچ جیتا سکتا ہے اسی لیے ہمیں ان کے ہر کھلاڑی پر نظر رکھنے کی ضرورت ہے اور اگر ہم اس میں کامیاب ہوئے تو ہم انگلینڈ کو مشکل میں ڈال سکتے ہیں'۔

install suchtv android app on google app store