اسٹوکس پاکستان کے خلاف تیسرے ٹیسٹ سے باہر

اسٹوکس پاکستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں انجری کا شکار ہوئے تھے فائل فوٹو اسٹوکس پاکستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں انجری کا شکار ہوئے تھے

انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف 3 اگست کو شروع ہونے والے تیسرے ٹیسٹ کے لیے ٹیم کا اعلان کردیا، دوسرے ٹیسٹ میں ٹیم میں واپسی کرنے والے بین اسٹوکس زخمی ہونے کے باعث اگلے میچ سے باہر ہوگئے۔

انگلینڈ نے لارڈز ٹیسٹ میں ناکامی کے بعد اولڈ ٹریفورڈ میں دوسرے ٹیسٹ کے لیے نوجوان باؤلر جیک بال اور اسٹیون فن کو ٹیم سے باہر کیا تھا جبکہ بین اسٹوکس اور تجربہ کار باؤلر جیمز اینڈرسن کو 12 رکنی اسکواڈ کا حصہ بنایا تھا۔

پاکستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز اسٹوکس زخمی ہوکر میدان سے باہر ہوگئے تھے جبکہ ٹیم نے یہ ٹیسٹ میچ جیت کر سیریز 1-1 سے برابر کردی تھی۔

واضح رہے بین اسٹوکس مئی کے اواخر میں زخمی ہو کر انگلینڈ ٹیم سے باہر ہوگئے تھے جس کے بعد انھوں نے انگلش کاؤنٹی کرکٹ میں واپسی کی تھی جہاں وہ اپنی فٹنس ثابت کرکے ٹیم میں واپس آئے تھے۔

انگلینڈ ٹیم کے ہیڈ کوچ بیلس ٹریور بیلس نے اسٹوکس کی انجری کو ٹیم کے لیے بڑا دھچکا قرار دیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ 'اسٹوکس ہمارے کے لیے ایک بڑے کھلاڑی ہیں، وہ ٹیم کی توانائی میں بہت زیادہ اضافہ کرتے ہیں، وہ بیٹنگ اور باؤلنگ کے علاوہ فیلڈ میں ایک رہنما ہیں اس لیے ان کی کمی سے ایک خلا ہوگا'

اسٹوکس نے پاکستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں 34 رنز بنائے تھے اور 2 وکٹیں بھی حاصل کی تھیں۔

25 سالہ آل راؤنڈر کی انجری کا اگلے ہفتے کے آغاز میں دوبارہ جائزہ لیا جائے گا اور چوتھے میچ کے لیے ان کی دستیابی کے حوالے سے حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ سے باہر ہونے والے دونوں فاسٹ باؤلر جیک بال اور اسٹیون فن کو تیسرے میچ کے لیے واپس بلا لیا ہے جو پہلے میچ میں متاثر کن کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں ناکام رہے تھے۔

عادل رشید 13 رکنی ٹیم میں اپنی جگہ برقرار رکھنے میں کامیاب ہوئے، انھیں پہلے ٹیسٹ کے لیے شامل نہیں کیا گیا تھا تاہم دوسرے ٹیسٹ کے 13 رکنی اسکواڈ میں شامل تھے لیکن حتمی ٹیم میں جگہ نہ بنا سکے تھے۔

3 اگست سے شروع ہونے والے سیریز کے تیسرے میچ کے لیے انگلینڈ کی 13 رکنی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔

الیسٹرکک (کپتان)، الیکس ہیلز، جو روٹ، جیمز وینس، گیری بیلنس، کرس ووکس، جونی بیئراسٹو، معین علی، اسٹورٹ براڈ، جیمز اینڈرسن، اسٹیون فن، جیک بال، عادل رشید

install suchtv android app on google app store