انیل کمبلے بھارتی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مقرر

انیل کمبلے فائل فوٹو انیل کمبلے

بی سی سی آئی نے سابق لیگ اسپنر انیل کمبلے کو ایک سال کی مدت کے لیے بھارتی کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ مقررکردیا ہے۔

دھرم شالہ میں بی سی سی آئی کے سربراہ انوراگ ٹھاکر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے انیل کمبلے کو کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کرنے کا اعلان کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ بیٹنگ،بولنگ اور فیلڈنگ کوچز کا انتخاب ٹیم کے ویسٹ انڈیز روانگی سے قبل جولائی کے پہلے ہفتے تک کردیا جائے گا جب کہ بھارتی میڈیا کے مطابق انیل کمبلے آئندہ ماہ بھارتی ٹیم کے دورہ ویسٹ انڈیز سے ٹیم کی کوچنگ کے فرائض سنبھالیں گے جہاں ٹیم 4 ٹیسٹ میچز کھیلے گی۔

انیل کمبلے کی بحیثیت ہیڈ کوچ کی تقرری کو بی سی سی آئی کی جانب سے ایک حیرت انگیز فیصلہ قراردیا جارہا ہے کیونکہ بھارت کے سب سے ذیادہ وکٹیں لینے والے 45 سالہ انیل کمبلے کو اس سے قبل کوچنگ کا کوئی تجربہ نہیں ہے اور ہیڈ کوچ کے لئے دی گئی درخواستوں میں ان کا نمبر سب سے آخر میں آرہا تھا اس لیےاس عہدے کو ان کے لیے ایک کڑا امتحان قرار دیا جارہا ہے۔

دوسری جانب بھارتی میڈیا میں افواہیں گردش کررہی ہیں کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے ٹیم ڈائریکٹر روی شاستری کو بیٹنگ کوچ منتخب کیا جاسکتا ہے جو کہ ہیڈ کوچ کے سب سے مضبوط امیدوار تصور کیے جارہے تھے۔

واضح رہے کہ انیل کمبلے بھارت کے سب سے کامیاب بولر ہیں جنہوں نے 1990 سے لے کر 2008 تک 132 ٹیسٹ میچوں میں بھارت کی جانب سے سب سے زیادہ 619 وکٹیں حاصل کیں اوردنیا بھر میں ان کا نمبر تیسرا ہے جب کہ ون ڈے میچز میں کمبلے 271 میچز میں 337 شکار کرکے بھارت میں پہلے اور دنیا میں نویں نمبر پر براجمان ہیں۔

install suchtv android app on google app store