میسی کی بدولت ارجنٹینا کوپا امریکا کے فائنل میں

لیونل میسی فائل فوٹو لیونل میسی

عالمی شہرت یافتہ اسٹار لیونل میسی کے شاندار کھیل کی بدولت ارجنٹینا نے امریکا کو 4-0 سے شکست دے کر لگاتار دوسری مرتبہ کوپا امریکا کپ کے فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔

منگل کی رات ہاؤسٹن میں کھیلے گئے میچ میں پانچ مرتبہ سال کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ جیتنے والے میسی نے اپنے شاندار کھیل سے اسٹیڈیم میں موجود 70ہزار سے زائد تماشائیوں پر سکتہ طاری کردیا۔

میچ کے تیسرے منٹ میں ایکوئیل لویزی کو پاس دیا جنہوں نے گول کرنے میں کوئی غلطہ نہ کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔

کھیل کے 32ویں منٹ میں ملنے والی فری کک کو میسی نے گول میں تبدیل کر کے اپنے ملک کیلئے کیے جانے والے انٹرنیشنل گولوں کی تعداد 55 کر لی اور وہ ارجنٹینا کیلئے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بن گئے اور گیبیرئل بیٹس ٹوٹا کا زیادہ گول کرنے کا ریکارڈ توڑ دیا۔

جب پہلا ہاف ختم ہوا تو ارجنٹینا کو میچ میں 2-0 کی واضح برتری حاصل تھی۔

کھیل کے 55ویں منٹ میں گونزالو ہگوین نے گیند کو گول میں پہنچا کر امریکا کی میچ میں واپسی کی رہی سہی امیدیں بھی ختم کردیں۔

میچ ختم ہونے سے چار منٹ قبل لیونل میسی ایک مرتبہ پھر منظر عام پر آئے اور انہوں نے ہگوین کو خوبصورت پاس دیا جنہوں نے گیند کو جال میں پہنچا کر اپنی ٹیم کی برتری 4-0 کردی۔

اس میچ میں فتح کی بدولت ارجنٹینا نے کوپا امریکا کپ کے فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔

نیو جرسی میں ہونے والے فائنل میں ارجنٹینا کا مقابلہ چلی یا کولمبیا سے ہو گا۔

install suchtv android app on google app store