اسمتھ کو بھی پنک گیند کے استعمال پر تحفظات

اسمتھ کو بھی پنک گیند کے استعمال پر تحفظات فائل فوٹو

آسٹریلیا کے کپتان اسٹیون اسمتھ نے کہا ہے کہ انہیں ایک اور ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ کھیلنے میں کوئی مسئلہ نہیں لیکن انہوں نے میچ میں استعمال ہونے والی پنگ گیند پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان رواں سال کے آخر میں ہونے والی ٹیسٹ سیریز کا ایک ٹیسٹ میچ ڈے اینڈ نائٹ رکھنے کی تجویز پیش کی گئی ہے اور ممکنہ طور پر گابا میں 15 دسمبر سے دونوں حریفوں کے درمیان ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کھیلا جائے گا۔

گزشتہ سال ایڈیلیڈ میں نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان تاریخ کا پہلا ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کھیلا گیا تھا جو تین دن میں ہی آسٹریلیا کی فتح پر منتج ہوا تھا۔

سابق کھلاڑیوں اور کرکٹ ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ فلڈ لائٹ میں اوس کے حامل گراؤنڈ پر بلے بازوں کیلئے پنک گیند کو کھیلنا ناممکن ہو گا۔

کرکٹ آسٹریلیا ایڈیلیڈ میں جنوبی افریقہ کے خلاف بھی ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ کھیلنے کیلئے بھی پرایمد ہے لیکن جنوبی افریقہ نے پنک گیند کے خلاف کھیلنے کا کوئی تجربہ نہ ہونے کے سبب اس منصوبے میں کوئی دلچسپی ظاہر نہیں کی۔

اسٹیون اسمتھ نے برسبین میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے خیال میں ڈے نائٹ ٹیسٹ کیلئے ایڈیلیڈ سب سے بہترین مقام ہے لیکن ہمیں اس سال ایک میچ گابا میں بھی کھیلنا ہے تو دیکھتے ہیں کہ وہ کیسا رہتا ہے۔

تاہم انہوں نے کہا کہ برسبین میں عام طور پر پڑنے والی اوس کی وجہ سے گیند کا معاملہ تھوڑا مختلف ہو گا اور اگر خصوصاً وکٹ پر گھاس رہ جاتی ہے تو بلے بازوں کیلئے اسے کھیلنا ناممکن ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اب بھی پنگ گیند میں بہتری لانے کی اشد ضرورت ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل آسٹریلین ٹیم کے نائب کپتان ڈیوڈ وارنر بھی پنگ گیند کے حوالے سے اپنے تحفظات کا اظہار کر چکے ہیں۔

جارح مزاج آسٹریلین اوپننگ بلے باز نے تھا کہا کہ کھلاڑی پنگ گیند میں بہتری چاہتے ہیں، یہ نظریہ بہت اچھا ہے لیکن ان کیلئے جو اسے کھیل چکے ہیں، سب سے اہم چیز ہے کہ صحیح گیند کا انتخاب عمل میں لایا جائے۔

ڈیوڈ وارنر نے کہا تھا کہ کھلاڑیوں کو کبھی کبھی گیند دیکھنے میں مشکلات پیش آتی ہیں، دن کے اختتامی وقت میں گیند کو دیکھنا کافی مشکل ہوتا ہے جبکہ باؤنڈری پر کھڑے کھلاڑیوں کو اسے پکڑنے میں دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اس کو ٹھیک کرنا ہو گا۔

پہلے ڈے اینڈ نائٹ کو دنیا بھر میں شائقین اور ماہرین کی جانب سے کافی سراہا گیا تھا لیکن نے اس حوالے سے اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ گیند دیکھنے، گیند سیم نہ ہونے اور زیادہ دیر تک گیند موثر نہ ہونے کی شکایات کی تھیں۔

install suchtv android app on google app store