اسٹیو وا سے زیادہ خودغرض نہیں دیکھا: وارن

اسٹیو وا اور شین وارن اسٹیو وا اور شین وارن

عظیم آسٹریلین کرکٹر شین وارن نے سابق کپتان اسٹیو وا کو خودغرض کھلاڑی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ آج تک اسٹیو وا سے زیادہ خودغرض کھلاڑی کے ساتھ نہیں کھیلے۔

آسٹریلین کرکٹ کے دونوں عظیم کھلاڑیوں کے درمیان ایک عرصے سے چپقلش جاری ہے جو ختم ہونے کا نام نہیں لے رہی۔

دونوں کے تعلقات میں تناؤ کا آغاز اس وقت ہوا تھا جب 1999 میں آسٹریلیا کے دورہ ویسٹ انڈیز کے موقع پر اسٹیو وا نے وارن کو ٹیسٹ میچ کیلیے ٹیم سے باہر کرنے میں کردار ادا کیا تھا۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ متعدد وجوہات ہیں جن کی وجہ سے میں اسٹیو وا کو پسند نہیں کرتا کیونکہ وہ میں آج تک ان سے زیادہ خود غرض کھلاڑی کے ساتھ نہیں کھیلا۔

کرکٹ کی تاریخ کے کامیاب ترین لیگ اسپنر نے کہا کہ جس طرح اسٹیو وا نے مجھے میرے ٹیم سے اخراج کی اطلاع دی، وہ مجھے اب بھی یاد ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وا کی ایک چیز جس نے مجھے واقعی سب سے زیادہ غصہ دلایا وہ دورہ ویسٹ انڈیز کے موقع پر ٹیسٹ میچ سے ڈراپ کرنا تھا۔ ہمیں ٹرافی جیتنے کیلئے وہ ٹیسٹ ہر حال میں جیتنا تھا۔

یاد رہے کہ اس وقت کپتان اسٹیو وا، نائب کپتان شین وارن اور جیف مارش ٹیم کا انتخاب کرتے تھے۔

وارن نے بتایا کہ ہم ٹیم کے انتخاب کے لیے بیٹھے، میں نے اچھی باؤلنگ نہیں کی تھی، ہمیں شکست ہوئی، برائن لارا نے غیریقینی بیٹنگ کی لیکن میں محسوس کرتا تھا کہ مجھے قربانی کا بکرا بنایا گیا، وہ اس لیے کہ میں نے اچھی باؤلنگ نہیں کی تھی جو میری غلطی تھی۔

'جب ہم ٹیم کے انتخاب کیلئے میز پر بیٹھے اور کہا کہ اوکے، سب کا کیا خیال ہے؟ اسٹیو وا نے کہا کہ تم نہیں کھیل رہے'۔

شین وارن نے اپنی گفتگو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ میں نے کہا کیا؟ تم کیا سمجھتے ہو کہ پھر ٹیم کیا ہو گی اور بہت کچھ، لیکن اسٹیو وا نے کہا نہیں، میں اس ٹیم کا کپتان ہوں ۔۔۔۔ تم نہیں کھیل رہے۔

'میں اس سے بہت مایوس ہوا'۔

سابق عظیم لیگ اسپنر نے کہا کہ میں کئی وجوہات کے سبب اسٹیو وا کو پسند نہیں کرتا لیکن اصل وجہ یہ ہے۔

واضح رہے کہ ایک موقع پر اسٹیو وا نے تسلیم کیا تھا کہ اس فیصلے کی وجہ سے وہ ایک بہترین دوست سے محروم ہو گئے لیکن اپنی کتاب میں انہوں نے کہا کہ اس فیصلے سے انہیں ایک بہتر کپتان بننے میں مدد ملی۔

install suchtv android app on google app store