پشاورزلمی کی پاکستان سپر لیگ میں دوسری فتح

پشاورزلمی پاکستان سپر لیگ پشاورزلمی

پشاور زلمی نے پاکستان سپر لیگ کے پانچویں میچ میں لاہور قلندرز کو باآسانی 9 وکٹوں سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں مسلسل دوسرے فتح اپنے نام کرلی۔

دبئی میں کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی کے کپتان شاہد آفریدی نے ٹاس جیت کر لاہور قلندرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جو جنید خان نے پہلی گیند پر درست ثابت کردیا۔

لاہور قلندرز کو پہلی ہی گیند پر اس وقت نقصان اٹھانا پڑا جب جارح مزاج بلے باز کرس گیل کی وکٹ فاسٹ باؤلر جنید خان نے اڑا دی، اسی اوور کی تیسری گیند پر کیمرون ڈیلپورٹ بھی رن آؤٹ ہوگئے جبکہ دوسرے ہی اوور میں محمد رضوان 4 رنز بنا کر شان ٹیٹ کا نشانہ بنے۔

ابتدائی دو اوورز میں 4 رنز پر 3 کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے کے بعد کپتان اظہر علی اور عمر اکمل نے بیٹنگ کی ذمہ داریاں سنبھال لیں لیکن عمر اکمل کی ہمت اس وقت جواب دے گئی جب ٹیم کا اسکور 45 رنز تھا۔

عمر اکمل 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

کپتان اظہر علی نے براوو کے ساتھ مل کر اسکور کو 63 رنز تک پہنچایا تھا کہ انھیں محمد اصغر نے اپنی جادوئی اسپن باؤلنگ کے ذریعے پویلین بھیج دیا۔ اظہر علی نے 31 رنز بنا ئے۔

ڈیون براوو نے جارحانہ انداز اپنانے کی کوشش کی لیکن پشاور زلمی کی مضبوط باؤلنگ نے انھیں محدود رکھا تاہم وہ 18 ویں اوور میں وہاب ریاض کو 2 چوکے اور ایک چھکا رسید کرنے میں کامیاب ہوئے تاہم اسی اوور کی آخری گیند پر کامران اکمل کے ہاتھوں کے آؤٹ ہوکر واپس پویلین پہنچ گئے۔

ڈیون براوو نے 32 رنز بنائے، حماد اعظم نے 11 گیندوں پر 18 رنز بنا کر ان کا ساتھ دینے کی بھرپور کوشش کی لیکن ایک بڑا اسکور ترتیب دینے میں ناکام رہے۔

حماد اعظم 18 اور ذوہیب خان 6 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

لاہور قلندرز کی ٹیم نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 117 رنز بنا کر پشاور زلمی کو ایک آسان ہدف دے دیا۔

پشاور زلمی کی جانب سے محمد اصغر نے دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ جنیدخان، شان ٹیٹ اور وہاب ریاض کو ایک، ایک وکٹ ملی.

آسان ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کا آغاز بھی جارحانہ تھا اور ابتدائی 3 اورز میں دس کی اوسط سے رنز بنا کر جیت کی جانب درست قدم اٹھا یا جبکہ دونوں اوپنرز محمد حفیظ اور تمیم اقبال نے پہلی وکٹ میں 95 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کو جیت کے قریب لاکھڑا کیا.

محمد حفیط 3 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 43 رنز بنا کر 12 ویں اور میں اجنتھا مینڈس کی گیند پر آؤٹ ہو گئے.

تمیم اقبال نے ڈیوڈ مالان کے ساتھ دوسری وکٹ کی شراکت میں 23 بنا کر پشاور زلمی کو 9 وکٹوں سے فتح دلا دی.

تمیم اقبال 55 اور ڈیوڈ میلان 10 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے.

لاہور قلندرز کی جانب سے مینڈس نے ایک وکٹ حاصل کی.

پشاور زلمی کے بلے باز تمیم اقبال کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا.

قبل ازیں پی ایس ایل کے چوتھے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو 8 وکٹوں سے شکست دی تھی.

install suchtv android app on google app store