پی ایس ایل: کوئٹہ گلیڈی ایٹرکی کراچی کنگزکوشکست

پی ایس ایل: کوئٹہ گلیڈی ایٹرکی کراچی کنگزکوشکست پی ایس ایل

کوئٹہ گلیڈی ایٹر نے احمد شہزاد کی شاندار بلے بازی کے بدولت پاکستان سپر لیگ کے میچ میں کراچی کنگز کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر لیگ میں مسلسل دوسری کامیابی حاصل کرلی.

ہفتے کو دبئی میں کھیلے گئے لیگ کے چوتھے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر کراچی کنگز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

کنگز کا آغاز اچھا ثابت نہیں ہوا اور اوپنر نعمان انور 5 کے مجموعی اسکور پر کوئی رن بنائے بغیر انور علی کا شکار بنے جبکہ لینڈل سمنز 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

جیمز وینس 30 رنز کی اننگز کھیل کر 53 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے اور جب شکیب الحسن 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو کراچی کا اسکور 69 رنز تھا۔

کپتان شعیب ملک اور روی بوپارا نے 5 ویں وکٹ پر اسکور کو 138 رنز تک پہنچایا لیکن بوپارا اونچا شارٹ کھیلنے کی کوشش میں انور علی کی گیند پر سعد نسیم کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے وہ 40 رنز بنا کر کنگز کے سرفہرست بلے باز رہے۔

شعیب ملک 37 رنز بنا کر آؤٹ ہونے والے چھٹے کھلاڑی تھے، عماد وسیم صفر پر رن آؤٹ ہوئے۔

سہیل تنویر ایک اور افتخار احمد صفر پر ناٹ آؤٹ واپس لوٹے۔

کوئٹہ کی جانب سے انور علی اور محمد نبی نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ پہلے میچ میں 4 وکٹیں حاصل کرنے والے محمد نواز کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔

احمد شہزاد اور لیوک رائٹ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹر کو 92 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا جو ان کی جیت کا سبب بنا.

لیوک رائٹ نے 4 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 47 رنز بنائے جب وہ ایک اونچا شارٹ کھیلنے کی کوشش میں آؤٹ ہوئے، کراچی کنگز کے نوجوان فیلڈر نعمان انور نے ان کا شاندار کیچ لیا.

دوسری وکٹ کی شراکت میں احمد شہزاد نے گلیڈی ایٹر کا اسکور 138 رنز تک پہنچایا تاہم احمد شہزاد جیت سے قبل لیگ میں اپنی پہلی نصف سنچری 71 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے. احمد شہزاد کی اننگز 5 چوکوں اور 4 چھکوں سے مزین تھی.

کیون پیٹرسن نے 2 چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 29 رنز بنا کر کوئٹہ کی ٹیم کے لیے چھکے کے ساتھ جیت دلا دی.

کپتان سرفرازاحمد 2 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے.

کراچی کی جانب سے عماد وسیم اور شکیب الحسن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی.

احمد شہزاد کو میچ کا بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا.

install suchtv android app on google app store