پاکستان، انگلینڈ کو چاروں شانے چت کر دے گا: شعیب اختر

شعیب اختر فائل فوٹو اے ایف پی شعیب اختر

قومی ٹیم کے مایہ ناز سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے کہا ہے کہ پیشگوئی کی ہے کہ پاکستانی ٹیم متحدہ عرب امارات میں ہونے والی سیریز میں انگلش ٹیم کو چاروں شانے چت کرتے ہوئے باآسانی شکست دے گی۔

دبئی میں ایک مقامی ٹورنامنٹ کی تشہیر کیلئے موجود سابق فاسٹ باؤلر نے کہا کہ رواں سال پانچ اکتوبر سے 30 نومبر تک ہونے والی سیریز میں پاکستانی ٹیم کی بالادستی برقرار رہے گی۔

اپنے 14 سالہ کیریئر میں 400 سے زائد وکٹیں لینے والے ماضی کے تیز ترین باؤلر نے کہا کہ انگلینڈ کو اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہو گا کیونکہ پاکستانی ٹیم اسپن وکٹیں بنا کر ریورس سوئنگ پر توجہ مرکوز رکھے گی، ایسے میں اسپنرز سیریز میں ایک تباہ کن قوت ثابت ہوں گے۔

شعیب کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کو پاکستان کے اسپن اٹیک کا مقابلہ کرنا ہو گا جو اس وقت ہماری قوت ہے، میں چاہتا ہوں پاکستان یہاں اسپن وکٹیں بنائے اور انگلینڈ کو چاروں شانے چت کر دے۔ انہوں نے کہا کہ انگلینڈ نے ایشز سیریز جیت اور کچھ میچوں میں بھی بہت بڑے مارجن سے کامیابی حاصل کی لیکن ان کی کارکردگی میں مستقبل مزاجی نہیں۔

راولپنڈی ایکسپریس کے نام سے مشہور فاسٹ باؤلر نے مزید کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ ہمارے فاسٹ باؤلرز ریورس سوئنگ سے اپنا جادو جگائیں، وکٹ زیادہ مددگار تو نہیں ہو گی لیکن یہاں گیند سوئنگ ہو گی جو بہت اہمیت کا حامل ہو گا، میرے خیال میں یہ ایک اچھی سیریز ہو گی، انگلینڈ کو ایشیائی وکٹوں پر اپنی صلایتیں ثابت کرنی ہیں لیکن دوسری جانب پاکستان کو ایشز کی فاتح ٹیم کو شکست دے کر کچھ حاصل کرنا ہے۔

اس موقع پر انہوں نے رواں سال زمبابوے کے دورہ پاکستان کو پاکستان میں عالمی کرکٹ کی بحالی کیلئے اہم پیشرفت قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ دو سال میں بڑی ٹیمیں پاکستان آنا شروع ہو جائیں گی۔

یاد رہے کہ مارچ 2009 میں لاہور میں سری لنکن ٹیم کی بس پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد سے پاکستان میں عالمی کرکٹ کے دروازے بند ہو گئے اور کسی بھی عالمی ٹیم نے پاکستان کا دورہ نہیں کیا، اس دوران پاکستان کو اپنی زیادہ تر ہوم سیریز متحدہ عرب امارات میں کھیلنا پڑیں۔

تاہم رواں سال مئی میں زمبابوے کی ٹیم نے مختصر دورہ کر کے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی رونقیں دوبارہ بحال کر دیں لیکن اب بھی تمام بڑی ٹیمیں سیکیورٹی مسائل کی وجہ سے پاکستان آنے سے گریزاں ہیں۔

شعیب اختر نے زمبابوے کے خلاف سیریز پرامن انداز سے گزرنے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دو سال میں بڑی ٹیموں سے اپنی ہی سرزمین پر کھیلنا شروع کر سکتا ہے۔

’ہم نے یہاں لوگوں کا جذبہ دیکھا جو سیریز دیکھنے کیلئے بڑہ تعداد میں آئے، اصل خطرہ کھلاڑیوں کیلئے نہیں بلکہ شائقین کیلئے تھا، اسٹیڈیم بھرے ہوئے تھے، شدید گرمی تھی لیکن 50 ہزار لوگ اسٹیڈیم میں موجود تھے، اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ یہ ہماری قوم کیلئے کس حد تک اہمیت کا حامل ہے‘۔

شعیب اختر نے کہا کہ اگر ہم چھوٹی ٹیموں کو بلانا شروع کرتے ہیں تو حالات بہتر ہونے کے بعد بڑی ٹیمیں بھی آئیں گی، پہلے ہمیں چھوٹی ٹیموں سے شروع کرنا ہو گا جس کے بعد آئندہ دو سال میں بڑی ٹیمیں بھی کھیلنے پاکستان آئیں گی۔

install suchtv android app on google app store