سری لنکا سے واپسی پر قومی کرکٹرز کا والہانہ استقبال

سری لنکا سے وطن واپسی پر قومی کرکٹرز کو والہانہ استقبال کیا گیا، انور علی، سرفراز احمد اور پیسر ضیا الحق اتوار کو کراچی پہنچ گئے، ایئرپورٹ پر عوام نے کرکٹ ہیروز کا شاندار استقبال کیا، ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔

اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے دوسرے ٹوئنٹی 20 میں جارحانہ بیٹنگ کی بدولت پاکستان کو فتح سے ہمکنار کرانیوالے انور علی نے اپنی کارکردگی کو قوم کے نام کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں نے مشکل صورتحال میں دباؤ نہ لیتے ہوئے اپنا جارحانہ انداز اختیار کیا، اس فتح پر ملنے والی پذیرائی پر اللہ کا شکر گزار ہوں۔

پاکستان کے لیے کھیلنا اولین ترجیح ہے، ان کھلاڑیوں کا استقبال کرنے والوں میں ندیم عمر، اعظم خان و دیگر بھی شامل تھے، انور علی نے کہا کہ پاکستان کو فتح سے ہمکنار کرانے پر دلی خوشی ہے۔

آئندہ بھی اس کا تسلسل برقرار رکھنے کی کوشش کروں گا،کوچ وقار یونس نے مجھے اسی حکمت کے ساتھ کامیابی کا ٹارگٹ دیا، میں نے کریز پر پہنچ کرجیت کو ذہن میں رکھا اور17 گیندوں پر 46 رنزبٹور کراپنا مشن پورا کیا۔

انور علی نے مزیدکہا کہ مجھ پر تنقید کرنے والے دیکھ لیں کہ میں اپنے ملک کے لیے کیا کرسکتا ہوں، آل راؤنڈر عبدالرزاق سے میرا موازنہ درست نہیں۔

انور علی نے کہا مجھے کاؤنٹی اور لیگ کھیلنے کی متعدد پیش کشیں ہوئی ہیں، لیکن پاکستان کے لیے کھیلنا میری اولین ترجیح ہے، ماڈلنگ کا کوئی ارادہ نھیں، اکتوبر میں شادی کے بندھن میں بندھ جاؤں گا۔ ہونے والی شریک حیات کا تعلق سوات سے ہے۔

بعدازاں گھر پہنچنے پر اہل محلہ نے انور علی کا شاندار استقبال کیا۔دریں اثنا شاندار کارکردگی کے اعتراف میں ندیم عمر نے انور علی کوبطورستائش 5 لاکھ روپے انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔

install suchtv android app on google app store