پاکستان میں کرکٹ کی بحالی تاریخی لمحہ ہے، شاہد آفریدی

پاکستانی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہد خان آفریدی نے چھ سال بعد ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ چیلنج قبول کیا ہے اور شکست سے گھبرانے والے نہیں۔

لاہور میں پاک زمبابوے ٹی ٹوئنٹی سیریز کی ٹرافی کی رونمائی کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئندہ میچوں میں بھی نئے کھلاڑیوں کو موقع دینے کا سلسلہ جاری رہے گا۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ ورلڈٹی ٹوئنٹی کے لیے ٹیم تیار کرنے کی کوشش کررہے ہیں، تاہم وہ سلیکشن کے معاملات میں مداخلت نہیں کرتے ۔

ٹی ٹوئنٹی کپتان نے کہا کہ ٹیم سےاچھی کارکردگی کی امید ہے تاہم ٹی ٹوئنٹی میں کوئی ٹیم آسان نہیں ہوتی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مڈل آرڈر بلے باز شعیب ملک اور فاسٹ باؤلر محمد سمیع کی کافی خدمات ہیں اور وہ ڈومیسٹک کرکٹ میں بہترین کارکردگی دکھاکر ٹیم میں منتخب ہوئے ہیں۔

دوسری جانب زمبابوے کے کپتان ایلٹن چگمبورا نے کہا ہے کہ سیریز کے لئے سیکیورٹی و دیگر انتظامات انتہائی تسلی بخش ہیں اور پاکستان آکر اچھا لگ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سابق پاکستانی اور موجودہ زمبابوین کوچ ڈیو واٹمور کی موجودگی سےٹیم کو بہت فائدہ ہوگا۔

install suchtv android app on google app store