تنقید سے کبھی بہتری نہیں آتی: مصباح

پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے ورلڈکپ نہ جیتنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کھلاڑیوں پر تنقید کا سلسلہ بند کیا جائے۔

سابق ون ڈے کپتان مصباح الحق کا کہنا تھاکہ بات بات پر تنقید سے اصلاح ہوتی ہے نہ ہی کبھی بہتری آتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہر کھیل میں ہار جیت ہوتی ہے ، ایسا نہیں کہ آپ ہر میچ جیت جائیں، کپتانی کے دور میں میچز جیتنے کے باوجود مجھے مسلسل تقنید کا نشانہ بنایا جاتا رہا، کھلاڑیوں پر بے جا تنقید کا نقصان پاکستان اور قومی ٹیم کو ہی ہوگا۔

ان کے بقول قومی ٹیم میں ایک کھلاڑی کے طور پر کھیلنے تک بات ٹھیک ہے لیکن جیسے ہی آپ کپتان بنیں محسوس ہوتا ہے کئی لوگ خواہ مخوا آپ کے دشمن بن گئے ہیں۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر میڈیا اور لوگوں کی بے جا تنقید کا یہی سلسلہ چلتا رہا تو ایک دن ایسا آئے گا کہ کوئی کپتان ملے گا اور نہ کوئی بننا چاہے گا۔

تنقید سے دلبرداشتہ مصباح نے تجویز دی کہ جس طرح ٹیم میں کھلاڑیوں کو منتخب کیا جاتاہے ویسے ہی میڈیا کے نمائندوں کو بھی منتخب کیا جانا چاہئے۔

مصباح کا کہنا تھاکہ اپنی کپتانی میں پاکستان کو ورلڈ کپ جتوانا چاہتا تھا ایسا نہیں ہوسکا جس کا بے حد افسوس رہے گا، کئی ایسی سیریز جو جیتنی چاہئیں تھیں لیکن نہیں جیت سکے، ون ڈے رینکنگ بہتر نہ ہونے کا افسوس رہے گا۔

مصباح نے اپنی کپتانی کے خوشگوار ترین لمحات کا تذکرہ کرتے ہوئے بتایا ہندوستان کو شکست اور جنوبی افریقا کے خلاف اس کے ہوم گراونڈ میں فتح یادگار لمحات تھے۔

install suchtv android app on google app store