ٹیم کے باصلاحیت کھلاڑی میچ کا نقشہ بدل سکتے ہیں: مصباح الحق

مصباح الحق فائل فوٹو مصباح الحق

قومی ٹیم کے کپتان مصباح الحق کہتے ہیں کہ ٹیم میں باصلاحیت کھلاڑی موجود ہیں جو اجتماعی کوشش سے میچ کا نقشہ بدل سکتے ہیں۔ ادھر متحدہ عرب امارات کے آل راؤنڈر امجد جاوید کا کہنا ہے کہ ان کی ٹیم محمد عرفان سے خائف نہیں ہے۔

نیپئیر میں پریس کانفرنس میں مصباح الحق کہنا تھا کہ میگا ایونٹ میں اگلے مرحلے کے لئے کوالیفائی کرنے سے متعلق صورت حال غیر واضح ہے اس لئے اس گروپ میں ٹیموں کا رن ریٹ اہم کردار ادا کرے گا۔ ہمارے لئے ہر میچ اہم ہے۔

مصباح الحق کا کہنا تھاکہ سات دن میں مختلف کنڈیشنز میں ورلڈ کپ کے تین میچ کھیلنا آسان نہیں ہے۔ یہ صورتحال پاکستانی ٹیم کے لیے چیلنج ہے جسے تبدیل نہیں کیا جا سکتا البتہ اس سے نمٹنے کی کوشش ضرور کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے قومی ٹیم کی بیٹنگ لائن پرمایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ انکو ذمہ داری سے کھیلنا ہوگا۔

مصباح الحق نے یہ بھی کہا کہ زمبابوے کے خلاف جیت کے بعد کھلاڑیوں میں اعتماد آیا ہے اور ان کا موڈ بھی اچھا ہے لیکن اگلے تینوں میچ پاکستان کے لیے بڑی اہمیت رکھتے ہیں۔ ادھریواے ای کے آل راونڈرامجد جاوید کہتے ہیں کہ عرفان کو ہم دبئی کے مقامی ٹورنامنٹ میں کھیل چکے ہیں۔

اگر آپ کسی بولر کو نہ کھیلے ہوں تو یقیناً آپ کو اس کے بارے میں معلومات نہیں ہوتیں جیسا کہ ہم ڈیل سٹین کو نہیں کھیلے ہیں۔ انکا کہنا تھاکہ اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ ہم پاکستانی ہیں۔ ہم متحدہ عرب امارات کی نمائندگی کر رہے ہیں اور ہم پاکستان کے خلاف کھیلتے ہوئے سو فیصد کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے۔

install suchtv android app on google app store