آخری ون ڈے: پاکستان کو فتح کیلئے 276 رنز کا ہدف

آخری ون ڈے: پاکستان کو فتح کیلئے 276 رنز کا ہدف اے ایف پی فوٹو

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلی جا رہی پانچ ایک روزہ سیریز کے آخری ون ڈے میں مہمان ٹیم نے گرین شرٹس کو 276 رنز کا ہدف دے دیا۔

نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

نیوزی لینڈ کا آغاز اچھا نہ تھا اور اسکی پہلی وکٹ اس وقت گری جب محمد عرفان کی گیند پر مارٹن گپٹل اسد شفیق کو سلپ میں کیچ دے بیٹھے۔ اس کے بعد ڈین براؤنلی اور ولیمسن کے درمیان نصف سنچری کی شراکت قائم ہوئی۔ براؤنلی 34 کے انفرادی اسکور پر ذوالفقار بابر کا شکار بنے۔

راس ٹیلر نے ولیمسن کو کریز پر جوائن کیا اور دونوں کے درمیان 116 رنز کی شاندار شراکت قائم ہوئی جس نے اسکور کو 202 رنز تک پہنچا دیا۔

اختتامی اوورز میں نیوزی لینڈ کی جارحانہ بلے بازی کے باعث کیوی ٹیم نے اپنے مقررہ پچاس اووروں میں 275 رنز اسکور کیے۔ ولیمسن 97 اور ٹیلر 88 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

پاکستان کی جانب سے محمد عرفان نے دو، شاہد آفریدی نے ایک اور ذوالفقار بابر نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ اس میچ میں پاکستانی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ محمد حفیظ اور سہیل تنویر کی جگہ اسد شفیق اور ذوالفقار بابر کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ ٹیم کی نظریں ورلڈکپ کی تیاریوں پر ہیں۔

اس سے قبل کھیلے گئے چوتھے ایک روزہ میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو سات رنز سے شکست دے کر سیریز دو دو سے برابر کر دی تھی۔

install suchtv android app on google app store