ورلڈکپ ٹرافی کیلئے بھی غیرملکی ٹیم جیسی سیکیورٹی

ورلڈکپ ٹرافی کیلئے بھی غیرملکی ٹیم جیسی سیکیورٹی File Photo

دودھ کا جلا چھاچھ بھی پھونک پھونک کر پیتا ہے‘‘ یہ مثال پاکستان پر پوری طرح صادق آتی ہے، لاہور میں سری لنکن کرکٹرز پر حملے کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ سے محروم ملک میں ورلڈکپ ٹرافی آئی تو اسے بھی غیرملکی ٹیم جیسی سیکیورٹی فراہم کی گئی۔

ذرائع نے بتایاکہ پی سی بی نے ٹرافی کی آمد سے قبل ہی سخت ترین حفاظتی انتظامات کا منصوبہ بنا لیا تھا، اسے ویسی ہی سیکیورٹی فراہم کی گئی جو کسی غیر ملکی ٹیم کو ملتی، بڑے باکس میں کپڑے میں حفاظت سے لپیٹ کر رکھی ٹرافی کو کئی گاڑیوں کے ایک بڑے قافلے کے ساتھ مختلف مقامات پر لے جایا گیا، اس دوران ٹریفک پولیس، پولیس اور پی سی بی کی اپنی سیکیورٹی ٹیم ساتھ ہوتی۔

کراچی میں مزار قائد پر ٹرافی کو شائقین کا دیدار کرانے کیلیے رکھنے کا کہا گیا، مگر دلچسپ بات یہ ہے کہ سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر کئی روز سے مزار قائد عام افراد کیلیے بند تھا، سابق کپتان جاوید میانداد سمیت دیگر شخصیات کو خصوصی اجازت لے کر وہاں لے جایا گیا، اس سے قبل لاہور میں بھی سخت ترین انتظامات کیے گئے تھے۔ ذرائع نے بتایا کہ گوکہ ٹرافی کے حوالے سے کسی خاص خطرے کی نشاندہی نہیں کی گئی تھی مگر اس کے باوجود کوئی چانس نہ لینے کا فیصلہ کیا گیا۔

install suchtv android app on google app store