مشکوک باؤلنگ ایکشن کے لیے سافٹ ویئر درآمد کرنے کا فیصلہ

مشکوک باؤلنگ ایکشن کے لیے سافٹ ویئر درآمد کرنے کا فیصلہ File Photo

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے مشکوک باؤلنگ ایکشن کے حامل باؤلرز کا پتہ لگانے کے لیے ایک خصوصی سافٹ ویئر درآمد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایک ذارئع کے مطابق پی سی بی کے ڈومیسٹک کرکٹ کے ہیڈ انتخاب عالم کا کہنا ہے کہ مشکوک باؤلنگ ایکشن ایک عالمی مسئلہ ہے اور اس سے نمٹنے کے لیے بورڈ نے آسٹریلیا سے ایک خصوصی سافٹ ویئر درآمد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس سافٹ ویئر کی مدد سے ان باؤلرز کا پتہ چلایا جاسکے گا جو آئی سی سی کی جانب سے کہنی کے 15 ڈگری کے زاویے تک جھکاؤ کی سطح کی خلاف ورزی کریں گے۔

انتخاب عالم کا کہنا تھا کہ 22 ہائی اسپیڈ کیمروں اور سافٹ ویئرز کے ساتھ لاہور کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں قائم کی گئی بائیو مکینکس لیب کے ساتھ ساتھ ہم مشکوک باؤلنگ ایکشن کے حامل باؤلرز کا پتہ چلانے کے لیے آسٹریلیا سے سافٹ ویئر درآمد کرنے پر بھی غور کر رہے ہیں۔

انتخاب عالم کا کہنا تھا کہ وہ آئی سی سی پابندی کا شکار پاکستانی اسٹار آف اسپنر سعید اجمل کو بھی بائیو مکینک ٹیسٹ سے گزاریں گے تاکہ ان کا باؤلنگ ایکشن درست کر کے انہیں آنے والے ورلڈ کپ ٹورنامنٹ کے لیے تیار کیا جا سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ غیر قانونی باؤلنگ ایکشن کمیٹی نے ایسے 35 سے 40 باؤلرز کی شناخت کی ہے اور ہم بال ٹمپرنگ کے معاملے کو بھی سنجیدگی سے لے رہے ہیں۔

انتخاب عالم کے مطابق کمیٹی نے ڈومیسٹک کرکٹ کے امپائرز اور میچ آفیشلز کو سخت ہدایات جاری کی ہیں کہ اگر کوئی بھی باؤلر مشکوک ایکشن کا حامل دکھائی دے یا ٹمپرنگ کرے تو وہ اس کی رپورٹ دیں۔

انہوں نے کہا کہ سعید اجمل پر پابندی پاکستان کے لیے ایک بہت بڑا دھچکا ہے اور وہ ورلڈ کپ سے قبل ان کے باؤلنگ ایکشن کو درست کرنے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔

install suchtv android app on google app store