کامیابی کیلئے پاکستان کا ’’لٹل اسٹارز‘‘ پر انحصار

 پاکستان پاکستان

سری لنکا اور پاکستان کے درمیان دوسرا ون ڈے انٹرنیشنل آج کھیلا جائیگا۔

ابتدائی معرکے میں گرین شرٹس کو فتح سے ہمکنار کرانے والے ’ لٹل اسٹارز‘ اس مرتبہ بھی امیدوں کا محور ہوں گے۔ یونس کی عدم دستیابی پر احمد شہزاد کے ہمراہ شرجیل اننگز کی شروعات کرینگے۔ پروفیسر حفیظ ون ڈاؤن پر ذمے داری نبھائیں گے۔ سری لنکا کو ٹاپ آرڈر میں دنیش چندیمل اور لاہیرو تھریمانے میں سے کسی ایک کو کھلانے کا فیصلہ کرنا ہوگا۔ تجربہ کارآف اسپنر رنگانا ہیراتھ کی جگہ سورج راندھیو کو بھی میدان میں اتارے جانے کیا امکان ہے، دوران میچ اچھے موسم کی پیشگوئی کی ہے۔

ہمبنٹوٹا میں چلنے والی تیز ہوائیں میچ کے فیصلے پر ہمیشہ کی طرح اثرانداز ہوسکتی ہے۔ یہاں پر برقی قمقمے روشن ہونے پر سیمرز کو وکٹ سے مدد ملنے کی توقع رہتی ہے۔ تفصیلات کے مطابق سری لنکا کیخلاف ابتدائی ون ڈے میں پاکستان کو فتح سے ہمکنار کرانے والے ’ لٹل اسٹارز ‘ منگل کو دوسرے ون ڈے میں بھی امیدوں کا محور ہونگے، گذشتہ دن منعقدہ ابتدائی معرکے میں صہیب مقصود نے 73 گیندوں پر 89 رنز بناکر بیچ بھنور میں پھنسی پاکستانی ناؤ پار لگا دی تھی۔ جس میں فواد عالم نے بھی 61 گیندوں پر 62 رنز بناکر ان کا بھرپور ساتھ دیا تھا۔ انکے علاوہ اوپنر احمد شہزاد کے 49 رنز بھی نمایاں رہے تھے۔ عمر اکمل15 اور کپتان مصباح13رنز بناکر میدان بدر ہوگئے تھے۔

پاکستان دوسرے ون ڈے کو جیت کر سیریز میں فیصلہ کن برتری لینے کی پوزیشن میں ہے۔ دوسرا ون ڈے ابتدائی طور پر کولمبو میں شیڈول تھا لیکن وہاں پر ہونیو الی بارش کے سبب میدان میں پانی بھرجانے پر اسے ہمبنٹوٹا منتقل کردیا گیا تھا۔ فواد عالم نے پہلے میچ میں عمدہ کارکردگی پیش کرکے سب کے دل جیت لیے۔ وہ رواں برس تیسرے ون ڈے میں موقع ملنے پر تیسری ہی بار ففٹی پلس اسکور بنانے میں کامیاب رہے۔ اس سے قبل انھوں نے 114 ناٹ آؤٹ اور 74 کی اننگز کھیلیں تھیں تاہم مجموعی طور پر وہ اب تک 28 اننگز میں 47.38 کی اوسط سے رنز بناچکے ہیں۔

دوسرے میچ کیلیے پاکستان کی پلیئنگ الیون میں نظر دوڑائی جائے تو یونس خان کی بھتیجے کی ہلاکت کے سبب فوری وطن واپسی کے بعد اب اننگز کی شروعات کیلیے احمد شہزاد کا ساتھ شرجیل خان نبھائینگے۔ اسی طرح محمد حفیظ کو ون ڈاؤن کی اہم پوزیشن سنبھالنا ہوگی۔ سری لنکا کی ممکنہ پلیئنگ الیون کو دیکھا جائے تو ان کے ٹاپ آرڈر میں دنیش چندیمل کی جگہ لاہیرو تھریمانے کی تبدیلی کا امکان ہے۔

بولنگ میں رنگانا ہیراتھ کو آرام دیکر دوسرے آف اسپنر سورج راندھیو کو بھی میدان میں اتارا جاسکتا ہے۔ ہمبنٹوٹا پر چلنے والی تیز ہوائیں ہمیشہ سے میچ پر اثرانداز ہوتی ہیں۔ اس مرتبہ بھی اس سے کچھ مختلف نہیں ہوگا البتہ سیمرز کو برقی قمقمے روشن ہونے پر وکٹ سے مدد ملنے کی توقع رہتی ہے۔

دوران میچ موسم خوشگوار رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ 2010 کے بعد سے باہمی مقابلوں میں سری لنکا کیخلاف پاکستان نے11 میچز جیتے ہیں جبکہ 9 میں گرین شرٹس کو شکست کا سامنا رہا ہے۔ ہمبنٹوٹا پر آئی سی سی فل ممبران کیخلاف مکمل ہونیوالے 9 میچز میں سے سری لنکا کو 5 میں شکست کا سامنا رہا ہے۔

install suchtv android app on google app store