جنید خان کی جگہ محمد عرفان سری لنکا طلب

پاکستان نے سری لنکا کے خلاف اپنے ون ڈے سکواڈ کو مزید تقویت دینے کے لیے تیز باؤلر محمد عرفان کو بلوا لیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ایک عہدے دار نے منگل کو بتایا کہ ٹیم انتظامیہ نے کولمبو ٹیسٹ میں زخمی ہونے والے جنید خان کے کور کے طور پر عرفان کو بلوانے کی درخواست کی تھی۔

خیال رہے کہ پیر کو دوسرے اور حتمی ٹیسٹ میں جنید سر پر ایک باؤنسر لگنے سے زخمی ہو گئے تھے۔ گیند لگنے کے بعد انہیں احتیاطاً ہسپتال لے جایا گیا ۔

پاکستان سری لنکا سے دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز ہار چکا ہے۔ دراز قد عرفان نے گزشتہ سال یو اے ای میں جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کولہے کی انجری کے بعد سےپاکستان کی نمائندگی نہیں کی۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین میچوں کی ون ڈے سیریز ہفتہ سے ہمبنٹوٹا میں شروع ہو گی۔

install suchtv android app on google app store