کولمبو ٹیسٹ: سری لنکا نے پاکستان کو وائٹ واش کر دیا

سری لنکا نے پیر کے روز پاکستان کو ہرا کر دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز 0-2 سے جیت لی ہے۔

دوسری اننگز میں سری لنکا کے 282 رنز کے جواب میں پاکستانی ٹیم بمشکل 165 رنز ہی سکور کر پائی، جس کے نتیجے میں سری لنکن ٹیم 105 رنز سے میچ جیتنے میں کامیاب رہی، اور دو میچوں کی سیریز اپنے نام کر لی۔

اتوار کو ٹیسٹ کے چوتھے دن پاکستانی ٹاپ آرڈر رنگنا ہیراتھ کی گیندوں کا سامنا کرنے میں ناکام رہا تھا۔ چوتھے دن رنگنا ہیراتھ نے اظہر علی کو 10 رنز پر، یونس خان کو 8 رنز پر، کپتان مصباح الحق کو 3 رنز پر، اور اسد شفیق کو 32 رنز پر آؤٹ کر کے پاکستانی بیٹنگ لائن کو تباہ کر دیا تھا۔

پانچویں دن جب کھیل کا آغاز ہوا، تو پاکستان کو جیت کے لیے 144 رنز، جبکہ سری لنکا کو 3 وکٹیں درکار تھیں، جو اس نے باآسانی حاصل کر لیں. اور اس طرح پاکستانی ٹیم دو میچوں کی سیریز میں وائٹ واش کا شکار ہو گئی ہے۔

پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز میں سب سے زیادہ سکور سرفراز احمد نے کیا، جو 55 رنز بنانے میں کامیاب رہے، جبکہ سینئر بیٹسمین مصباح الحق 3 اور یونس خان صرف 8 رنز بنا پائے۔ سعید اجمل 3 رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے, جبکہ جنید خان انجری کی وجہ سے کھیل میں شریک نہیں ہو پائے۔

یاد رہے کہ دوسری اننگز کے آغاز میں پاکستان کو سری لنکا پر 12 رنز کی برتری حاصل تھی۔ اگرچہ کے پاکستانی بولرز کی جانب سے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا گیا، جس کی وجہ سے سری لنکن ٹیم دوسری اننگز میں کوئی بڑا سکور بنانے میں ناکام رہی، پر بلے بازوں کی خراب کارکردگی کی بنا پر پوری ٹیم صرف 52.1 اوورز میں ہی پویلین لوٹ گئی۔

install suchtv android app on google app store