پاکستان کرکٹ بورڈ کونیا آئین مل گیا

وزارت بین الصوبائی رابطہ امور نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے آئین کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ نئے آئین میں بھی کرکٹ بورڈ کا پیٹرن وزیر اعظم کو بنایا گیا ہے۔

سپریم کورٹ کے سابق ججز کی نگرانی میں تیار ہونیوالے پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے آئین کی منظوری وزیر اعظم پہلے ہی دے چکے ہیں۔ نئے آئین کے مطابق چیئرمین کا انتخاب پاکستان کرکٹ بورڈ کے ممبران ہی کریں گے اور یہ مکمل طور پر جمہوری انداز میں ہوگا۔

آئین میں چیف ایگزیکٹو کے اختیارات بھی چیئرمین کو دے دیئے گئے ہیں۔ اسی طرح سلیکشن کمیٹیوں اور کپتان کی تقرری کا اختیار بھی چیئرمین کے پاس ہوگا۔ آئین میں چیئرمین کے عہدے کو پہلے سے زیادہ مضبوط بنا دیا گیا ہے۔

سپریم کورٹ سے بھی منظور ہونیوالے آئین میں شرط عائد کی گئی ہے کہ چیئرمین بننے والا شخص کم ازکم گریجوئیٹ ہوگا، اور اسکو بورڈ آف گورنرز سے اعتماد کا ووٹ لینا ہوگا۔

نئے آئین میں چیئرمین کرکٹ بورڈ کے ممبران یعنی بورڈ کو جوابدہ ہوگا۔ کرکٹ بورڈ میں اب چیف ایگزیکٹو کا عہدہ برائے نام رہ گیا ہے تاہم اس عہدے کو برقرار رکھا جائے گا اور اس پر تعینات شخص چیئرمین کی معاونت کریں گے، تاہم سی ای او کی تقرری بھی بورڈ آف گورنرز کی سفارشات کی روشنی میں عمل میں آئے گی۔

سابق کرکٹز نئے آئین کو پرانے آئین کی کاپی قرار دے رہے ہیں تاہم اس میں پیٹرن کا عہدہ تبدیل کیا گیا ہے۔ سابق کرکٹرز کا کہنا ہے کہ سابقہ آئین میں پیٹرن کا عہدہ وزیر اعظم کی بجائے صدر کے پاس تھا لیکن موجود وزیر اعظم نے اپنے عہدے کو بدستور قائم رکھنے کےلئے نیا آئین تشکیل دینے کی ہدایات کی تھیں۔

install suchtv android app on google app store