کراچی کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارش، حادثات میں 7 افراد جاں بحق

کراچی کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارش فائل فوٹو کراچی کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارش

کراچی میں تیز ہواؤں کے ساتھ ہونے والی بارش کے بعد شہر کے نشیبی علاقے پانی میں ڈوب گئے،کرنٹ لگنے اور مکان کی چھت گرنے سے سات افراد بھی جاں بحق ہوگئےشہر قائد میں مون سون کا بھاری اسپیل،گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی،شہر کے آسمان پر کڑکنے والی بجلی نے ہیبت ناک منظر پیدا کیا۔

کراچی کے مختلف علاقوں میں تیز ہوا کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی جس سے شہر میں چند روز سے جاری گرمی کا زور ٹوٹ گیا،شاہ فیصل ٹاؤن، گلستان جوہر،فیڈرل بی ایریا،ملیر،ایئرپورٹ،یونیورسٹی روڈ،گلشن حدید،گلشن اقبال،شارع قائدین،پٹیل پاڑہ اور دیگر علاقوں میں ہونے والی بارش نے گرمی کے ستائے عوام کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیر دی ہے۔

آندھی کیساتھ طوفانی بارش سے کورنگی اور لانڈھی سمیت مضافاتی علاقوں میں گھروں کی چھتیں اُڑ گئیں،درخت گرگئے،شارع فیصل اور دیگر اہم شاہراہوں پر ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا،سپر ہائی وے پر مویشی منڈی میں لگے ٹینٹ طوفانی ہواؤں سے اکھڑ گئے، نشیبی علاقوں میں بڑی مقدار میں پانی جمع ہوگیا۔

گولیمار میں کرنٹ لگنے سے دو افراد جاں بحق ہو گئے،سولجر بازار میں بھی پاکولا مسجد کے قریب کھڑے پانی میں کرنٹ سے دو افراد جاں بحق ہوئے،پانی میں کرنٹ کی وجہ سے ایمبولینسیں بھی جاں بحق ہونے والے افراد کی لاشوں کو اٹھانے میں ناکام رہیں۔

بارش کی چند بوندیں گرتے ہی شہر کے درجنوں فیڈر ٹرپ کرگئے اور بجلی کی فراہمی معطل ہونے سے کراچی کا بڑا حصہ تاریکی میں ڈوب گیا،دوسر جانب محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں بارش کا یہ سلسلہ بدھ تک جاری رہنے کا امکان ہے،اس دوران شہر بھر میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوسکتی ہے۔

وزیر اعلیٰ سندھ کے الیکٹرک پر برہم

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کے الیکٹرک کو ناکام ترین ادارہ قرار دیتے ہوئے رویہ درست کرنے کی وارننگ دے دی۔

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بارش کے بعد بجلی کے بڑے بریک ڈاون پر کے الیکٹرک پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے بارش کی ایک بوند سے کیسے فیڈر ٹرپ ہو جاتے ہیں،بارشوں کے پیش نظر کے الیکٹرک کا سسٹم کیوں ٹھیک نہیں کیا گیا،کے الیکٹرک ناکام ترین ادارہ ہے ،کے الیکٹرک اپنا رویہ درست کرے،اندھیر نگری چوپٹ راج کا دور اب نہیں چلے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے ہلکی بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر قائد میں 2 روز سے جاری گرمی سمندر میں موجود ہوا کے کم دباؤ کی وجہ سے ہے، دباؤ کم ہونے کے باعث سمندری ہواؤں کی رفتار بھی کم ہوگئی تاہم بھارتی گجرات میں موجود ہوا کے کم دباؤ کے اثرات بارش کی شکل میں کراچی پہنچ گئے ہیں۔

install suchtv android app on google app store