کراچی: پولیس اہلکاروں کے قاتلوں‌ کی نشاندہی پر 1 کروڑ روپے دینے کا فیصلہ

  • اپ ڈیٹ:
ڈی جی رینجرز میجر جنرل محمد سعید ڈی جی رینجرز میجر جنرل محمد سعید

ڈی جی رینجرز میجر جنرل محمد سعید کی زیرصدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث عناصر کی شناخت کرنے والے افراد کو ایک کروڑ روپے انعام دیا جائے۔

تفصیلات کے مطابق ڈی جی رینجرز میجر جنرل محمد سعید کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں آئی جی سندھ، ایڈیشنل آئی جی سمیت اعلیٰ افسران اور حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں شہر قائد میں ہونے والی پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ شہر کی امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانے کے لیے سیکیورٹی اقدامات کا جائزہ بھی لیا گیا۔

اجلاس میں جوائنٹ آپریشنز کے لیے مربوط حکمتِ عملی مرتب کی گئی جبکہ پولیس کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث عناصر کی شناخت میں مدد کرنے والوں کو نقد انعام دینے کا فیصلہ کیا گیا۔

اعلیٰ سطح اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جو شخص پولیس اہلکاروں کے قتل میں ملوث عناصر کی مستند اطلاع دے گا اُسے ایک کروڑ روپے نقد انعام دیا جائے گا جبکہ اُس کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔

یاد رہے کہ کراچی میں پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ ایک بار پھر تیز ہوگیا ہے، رمضان المبارک میں سائٹ کے علاقے میں مسلح افراد نے افطار پر بیٹھے 4 پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی جو جاں بحق ہوگئے تھے جبکہ ایک ہفتہ قبل کورنگی میں پولیس موبائل کو نامعلوم دہشت گردوں نے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 3 پولیس اہلکار جاں بحق ہوئے تھے۔

گزشتہ روز گلشن اقبال کے علاقے میں واقع کونٹینٹل بیکری کے قریب مسلح موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کر کے ٹریفک پولیس اہلکار کو قتل کردیا تھا۔

install suchtv android app on google app store