ہاتھ کی کڑھائی سے قرآن شریف کا نسخہ تیار

نایاب نسخے کا وزن 63 کلو گرام ہے نایاب نسخے کا وزن 63 کلو گرام ہے

دنیا بھر کے دیگر مسلم ممالک میں بھی قرآن شریف کے نایاب ترین نسخے موجود ہیں، جب کہ دنیا میں سب سے زیادہ پڑھے جانے والی اس مقدس کتاب کے مزید نایاب نسخے تیار کیے جانے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

قرآن مجید سے محبت کا اظہار ہر مسلمان مرد و خاتون کی زندگی کا اہم جز ہے، اور لوگ اس سے محبت کا اظہار مختلف صورتوں میں پیش بھی کرتے رہتے ہیں۔

قرآن شریف سے والہانہ محبت کا اظہار صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے علاقے کورنگی کی رہائشی 31 سالہ زمرد خاتون نے بھی کیا۔

زمرد خاتون نے 7 سال 6 ماہ کی مسلسل محنت کے بعد ہاتھ سے کی گئی کڑھائی سے قرآن مجید کا نایاب نسخہ تیار کیا، جو سوتی کے کپڑے پر تیار کیا گیا۔

زمرد خاتون کی جانب سے کڑھائی سے تیار کیا گیا قرآن مجید کا نسخہ دنیا میں وہ پہلا نسخہ ہے، جو ہاتھ کی کڑھائی سے تیار کیا گیا۔

پٹھان خاندان سے تعلق رکھنے والی زمرد خاتون نے نہ صرف قرآن مجید کے 30 سیپاروں کو کڑھائی سے تیار کیا، بلکہ انہوں نے قرآن مجید کا مستند اردو ترجمہ بھی تیار کیا۔

زمرد خاتون کی جانب سے تیار کیے گئے نایاب نسخے کا وزن 63 کلو گرام ہے۔

اس نایاب نسخے میں قرآن کے تمام سیپاروں اور اوراق کو علیحدہ علیحدہ تیار کیا گیا ہے، جب کہ ہر ورق کو ہرے اور سنہرے دھاگوں کی کڑھائی سے دیدہ زیب بنایا گیا ہے۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ زمرد خاتون کی جانب سے تیار کیا گیا یہ نسخہ گزشتہ 1400 سال میں پہلا وہ نسخہ ہے، جو کسی خاتون کی جانب سے ہاتھ کی کڑھائی سے تیار کیا گیا۔

زمرد خاتون نے قرآن شریف کا یہ نسخہ رواں برس اپریل میں ہی مکمل کرلیا تھا۔

زمرد خاتون نے نایاب نسخے کی تیاری پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں اس نسخے کی تیاری کے وقت ٹائم گزرنے کا احساس ہی نہیں ہوا۔

خاتون کی جانب سے نایاب نسخے کی تیاری پر ان کے اہل خانہ اور اہل محلہ بھی خوش ہیں۔

دوسری جانب قرآن شریف کے نایاب نسخے کی تیاری کے باوجود خاتون کے لیے وزارت مذہبی امور سمیت صوبائی یا وفاقی حکومت کی جانب سے کسی مراعت کا تاحال کوئی اعلان سامنے نہیں آسکا۔

install suchtv android app on google app store