کراچی کے ساحلوں پر 6 ماہ کے لیے دفعہ 144 نافذ

سندھ حکومت نے دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے کراچی کے ساحلِ سمندر پر نہانے پر 6 ماہ کی پابندی عائد دی۔ محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق حکومت نے عوام کے جانی نقصان کے پیش نظر ان کی حفاظت کے لیے کراچی کے ساحلوں پر نہانے پر پابندی عائد کی ہے۔

اس نوٹیفکیشن کے مطابق اس پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سیکشن 188 کے تحت کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کیا جائے گا۔ پابندی کا اطلاق 24 مئی سے ہوگا جبکہ اس کے علاوہ علاقہ ایس ایس پی کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ اپنے تمام اسٹاف کی مدد سے پابندی پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔

واضح رہے کہ کراچی میں گرمی کی شدت بڑھتے ہی شہری سیر و تفریح کے لیے ساحل سمندر کا رخ کرتے ہیں جبکہ منچلے ساحل سمندر پر نہاتے ہوئے اپنی ذرا سی کوتاہی اور لا پرواہی کی بدولت حادثات کا شکار ہو کر اپنی جان گنوا دیتے ہیں۔

رواں ماہ کراچی کے مختلف ساحلوں پر لوگوں کے ڈوبنے کے متعدد واقعات سامنے آئے ہیں۔

خیال رہے کہ گذشتہ روز کراچی کے 2 مختلف ساحلوں پر چند گھنٹوں کے دوران 3 نوعمر طالب علموں سمیت 4 افراد ڈوب کر جاں بحق ہو گئے تھے۔

14 مئی کو ساحل سمندر پر تفریح کے لیے جانے والے 4 افراد نہاتے ہوئے سمندر میں ڈوب کر ہلاک ہوگئے تھے۔

جبکہ رواں ہفتے بھی گڈانی کے ساحل پر اہلخانہ کے ساتھ پکنک منانے کے لیے جانے والا نوجوان تجمل حسین ڈوب کر جاں بحق ہوگیا تھا۔

یاد رہے کہ اگست 2014 میں عید کے دوسرے روز کراچی کے ساحلی علاقے سی ویو پر سمندر میں نہاتے ہوئے 41 افراد سمندر کی نذر ہوگئے تھے۔

علاوہ ازیں کراچی کی انتظامیہ وقتاََ فوقتاََ سمندر میں ممکنہ خطرے کے پیش نظر ساحل پر دفعہ 144 نافذ کرتی رہتی ہے۔

 

install suchtv android app on google app store