کراچی میں ایک اور آگ فائر بریگیڈ حکام پھر ناکام سائٹ ایریا میں پلاسٹک فیکٹری میں لگی آگ پر 6 گھنٹے بعد قابو پالیا گیا ، آگ بجھانے کے دوران فوم کی قلت سے فائر فائٹرز کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔
کراچی کے علاقے سائٹ ایریا میں لیبراسکوائر کی پلاسٹک فیکٹری میں صبح اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے فوری طور پر پوری فیکٹری کو اپنی لپیٹ میں لے لیا،، آگ کی شدت اتنی تھی کہ کراچی کے دور دراز علاقوں تک دھوئیں کے کالے بادل دکھائی دیئے۔
فیکٹری میں لگی آگ کو تیسرے درجے کی قرار دے کر کراچی بھر سے فائر ٹینڈرز کو طلب کیا گیا، فائربریگیڈ کی 8 گاڑیوں، ایک اسنار کل اور ایک باؤزرنے آگ بجھانے کے عمل میں حصہ لیا۔
اس موقع پر محکمہ فائر بریگیڈ کے آفیسر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ہمارے پاس فوم ختم ہوچکا ہے، پانی سے آگ بجھارہے ہیں۔
کراچی پولیس آفیسر کا کہنا تھا کہ بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پھیلنے سے پہلے تمام مزدوروں کو بحفاظت نکال لیا گیا، پولیس آفیسر کی میڈیا سے گفتگو کے دوران بھی فیکٹری سے دھماکوں کی آوازیں آتی رہیں۔
فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی ہے تاہم فیکٹری میں کیمیل اور پلاسٹک کا دیگر سامان موجود ہونے کے باعث آگ بجھانے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔