پی آئی اے کی خاتون افسر کا سیکیورٹی افسران پر تشدد

پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی افسر نے ایئرپورٹ سیکیورٹی فورسز (اے ایس ایف) کے 3 عہدیداران کو کراچی ایئرپورٹ پر زدو کوب کا نشانہ بنایا۔

اے ایس ایف عہدیداران کو زدو کوب کرنے کا واقعہ سوشل میڈیا پر تیزی سے پھیلنے والی ویڈیو کی صورت میں محفوظ ہوگیا، جس میں دیکھا گیا کہ پی آئی اے کی ہیومن ریسورس افسر رقیہ سومرو ایئرپورٹ سیکیورٹی فورسز کے تین افسران کو ڈومیسٹک ڈیپارچر لاؤنج کے داخلی دروازے کے قریب تھپڑوں کا نشانہ بنا رہی ہیں۔

ویڈیو میں رقیہ سومرو کو لوگوں کی موجودگی میں سیکیورٹی افسران پر چلاتے ہوئے بھی سنا گیا۔

پی آئی اے کی خاتون افسر نے مبینہ طور پر میعاد ختم ہوجانے والے شناختی کارڈ کے ساتھ ڈیپارچر لاؤنج میں داخل ہونے کی کوشش کی، جس پر افسران نے انہیں روکا تھا۔

رقیہ سومرو نے روکے جانے پر سیکیورٹی عملے پر چلانا شروع کردیا اور انہیں جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا۔

رقیہ سومرو کے مطابق انہیں روکنے والے اے ایس ایف گارڈ نے انہیں غیر مناسب انداز میں چُھوا تھا۔

معاملہ بڑھنے پر اے ایس ایف کی خاتون گارڈ کو طلب کیا گیا، جنہوں نے رقیہ سومرو کو دوسرے کمرے میں منتقل کیا۔

واقعے میں ملوث اے ایس ایف گارڈ نے پی آئی اے کی خاتون افسر کے خلاف ایئرپورٹ پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کرادی، جس میں کہا گیا کہ خاتون نے انہیں ان کی ڈیوٹی سرانجام دینے سے روکنے اور ان کے کام میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی۔

install suchtv android app on google app store