سیہون بم دھماکے کے مزید 3 سہولت کار گرفتار، کل تعداد 5 ہو گئی

سیہون بم دھماکے کے مزید 3 سہولت کار گرفتار، کل تعداد 5 ہو گئی فائل فوٹو

سیہون شریف بم دھماکے کی تحقیقات میں اہم پیش رفت، سندھ اور بلوچستان کے سرحدی علاقے سے مزید تین سہولت کار گرفتار، مجموعی تعداد پانچ ہو گئی، گرفتار ملزمان سندھ میں کالعدم تنظیم داعش کو منظم کر رہے تھے، خودکش حملہ آور کے درگاہ میں داخلے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آ گئی۔

درگاہِ قلندر پر ہونے والے بم دھماکے میں ملوث دہشتگردوں کی گرفتاری کے لئے سکیورٹی فورسز کی تابڑ توڑ کارروائیاں جاری ہیں۔ سندھ اور بلوچستان کے سرحدی علاقے سے مزید تین سہولت کاروں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ حبیب، عزیز اور حفیظ اور نامی ملزمان کا تعلق بھی حفیظ بروہی گروپ سے ہے۔ ملزمان سندھ میں کالعدم تنظیم داعش کو منظم کر رہے تھے۔

اس سے قبل سکھر کے قریب جوہی سے دو سہولت کاروں کو گرفتار کیا گیا۔ منیر خان اور عزیز جمالی نامی ملزمان پی پی کی ٹکٹ پر ضلع کونسل دادو کے رکن بھی ہیں۔

دوسری جانب سانحہ سیہون شریف کی تحقیقات میں ایک اہم پیش رفت بھی ہوئی ہے۔ خودکش حملہ آور کے درگاہ میں داخلے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آ گئی۔

سولہ فروری کی شام چھ بج کر چھپن منٹ پر خود کش بمبار درگاہ میں داخل ہوا۔ حملہ آور گیٹ پر تعینات پولیس اہلکار کو دیکھ کر پہلے پیچھے ہٹا۔ کچھ دیر بعد وہ پھر آگے بڑھا۔ چیکنگ کے دوران جیسے ہی رش بڑھا، حملہ آور اہلکار کو چکما دے کر درگاہ میں داخل ہو گیا اور خونی کھیل کھیلا۔

آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کو یقین ہے کہ فوٹیج میں نظر آنے والا ہی خودکش بمبار تھا۔ آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ دھماکے میں انتہائی مطلوب دہشتگرد حفیظ بروہی کے ملوث ہونے کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔

install suchtv android app on google app store