امداد پتافی پر بختاور بھٹو برس پڑیں

بختاور بھٹو بختاور بھٹو

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی بہن بختاور بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پی پی کے رکن اسمبلی اور صوبائی وزیر امداد پتافی کی جانب سے گزشتہ روز سندھ اسمبلی میں اختیار کیا گیا رویہ ناقابل قبول ہے۔

بختاور بھٹو زرداری نے سوشل ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ امداد پتافی کو لازمی طور پر اپنے رویے پر معافی مانگنی چاہئیے، ان کا رویہ انتہائی غیر اخلاقی تھا۔ ان کے مطابق امداد پتافی کا رویہ پارٹی اقدار اور خواتین کو مضبوط بنانے والی پارٹی پالیسی کے خلاف ہے۔

بختاور بھٹو زرداری نے اپنی ٹوئیٹ میں امداد پتافی کونصرت سحر عباسی سے معافی مانگنے کی ہدایت بھی کی۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز سندھ اسمبلی کے اجلاس کے دوران صوبائی وزیر برائے ورکس اینڈ سروسز امداد پتافی اور پاکستان مسلم لیگ فنکشنل کی خاتون ممبر نصرت سحر عباسی کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ ہوا تھا۔

صوبائی وزیر کی جانب سے انگریزی زبان میں تحریری طور پر داخل کرائے گئے جواب کو نہ سمجھ پانے پر نصرت سحر عباسی نے امداد پتافی کو وضاحت کرنے کے لیے کہا جس پر صوبائی وزیر نے انہیں جواب دیا کہ 'آپ کوئی استانی نہیں کہ میں آپ کو جواب دوں'۔

دونوں ارکان کے درمیان سخت جملوں کے تبادلے کے بعد صوبائی وزیر امداد پتافی نے خاتون ممبر کو کہا کہ اگر انہیں کوئی بات سمجھ نہیں آ رہی تو وہ ان کی چیمبر میں آ جائیں، جس پر خاتون نے احتجاج کیا، جبکہ اس دوران حکومتی ارکان مسکراتے رہے اور حزب اختلاف کے ممبران نے خاموشی اختیار کرلی۔

خیال رہے کہ نصرت سحر عباسی کو سندھ اسمبلی کی سرگرم ممبر سمجھا جاتا ہے، وہ سندھ کے مختلف مسائل پر حکومتی ارکان اور وزراء سے بحث کرتی رہی ہیں۔

install suchtv android app on google app store