ڈاکٹروں کا گورنر سندھ کو ٹرانسپلانٹ کا مشورہ

صوبہ سندھ کے گورنر جسٹس ریٹائرڈ سعید الزماں صدیقی کو ڈاکٹروں نے پھیپھڑوں کے ٹرانسپلانٹ کا مشورہ دیا ہے۔ اسپتال ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ گورنر سندھ کے پھیپھڑے آکسیجن جذب نہیں کرپا رہے جس کی وجہ سے ان کی حالت تشویش ناک ہے۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق ڈاکٹروں نے گورنر سندھ کو پھیپھڑوں کے ٹرانسپلانٹ کا مشورہ دیا ہے لیکن پاکستان میں پھیپھڑوں کے ٹرانسپلانٹ کی سہولت دستیاب نہیں اور اس کے لیے گورنر کو امریکہ، برطانیہ یا پھر بھارت لے جانا پڑے گا۔

گورنر سندھ کی عمر تقریباً 80 برس ہے اور ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ اس عمر میں ٹرانسپلاٹیشن خطرناک ہوسکتا ہے۔

سعید الزماں صدیقی نے گیارہ نومبر کو سندھ کے 31 ویں گورنر کی حیثیت سے حلف اْٹھایا تھا۔ اس روز بھی ان کی طبیعت ٹھیک نہیں تھی اور وہ بمشکل اپنے عہدے کا حلف لینے گورنر ہاؤس پہنچے تھے۔

حلف اٹھانے کے دو روز بعد ہی انہیں کراچی کے ایک نجی اسپتال میں داخل ہونا پڑا تھا جہاں ان کا مکمل چیک اپ کیا گیا تھا۔

بائیس نومبر کو ڈاکٹروں نے گورنر سندھ کی صحت کو تسلی بخش قرار دیا تھا۔ لیکن بعد میں ان کی حالت ایک مرتبہ پھر ناساز ہوگئی تھی جس کے سبب انہیں اسپتال میں مزید کچھ دن رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔ انہیں اسپتال میں داخل ہوئے تقریباً تین ہفتے ہوچکے ہیں۔

دریں اثنا گورنر ہاؤس سندھ کے ترجمان نے کہا ہے کہ سعید الزماں صدیقی کی طبیعت اب پہلے سے بہتر ہے۔

install suchtv android app on google app store