ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے وسیم اختر پر لگنے والے الزامات مسترد کر دیئے

ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے وسیم اختر پر لگنے والے الزامات مسترد کر دیئے فائل فوٹو

ایم کیو ایم کے رہنما کنور نوید جمیل کا کہنا تھا کہ نامزد میئر وسیم اختر پر مختلف الزامات کے اعتراضات ایم کیو ایم کو بدنام کرنے کی سوچی سمجھی سازش ہے۔ بارہ مئی کو چیف جسٹس اور اسٹیبلشمنٹ کی لڑائی تھی۔

خورشید بیگم سیکریٹریٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر کنور نوید جمیل نے کہا کہ وسیم اختر پر لگائے گئے الزامات ایم کیو ایم کو بدنام کرنے اور دیوار سے لگانے کی سوچی سمجھی سازش ہے۔

میڈیا پر چلنے والی خبریں من گھڑت اور جھوٹ پر مبنی ہیں۔ بارہ مئی کا جب واقعہ ہوا تو وسیم اختر مشیر داخلہ تھے ان پر الزام لگانا کہ بارہ مئی کو انہوں نے فائرنگ کا حکم دیا تھا بہت بڑا بہتان ہے۔

کنور نوید کا کہنا تھا کہ بارہ مئی کے واقعہ کے حوالے سے جعلی رپورٹ بنائی گئی ہے من گھڑت الزامات لگائے جا رہے ہیں۔

بارہ مئی کے حوالے سے جو کمیشن بنایا گیا تھا اس نے ایم کیو ایم کے کسی کارکن یا رہنما کو نامزد نہیں کیا۔ سپریم کورٹ کے بے امنی کیس کے حکم نامہ میں بھی کسی ایم کیو ایم رہنما کا نام نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے خلاف سازشوں کا سلسلہ بند کیا جائے۔

اس سے قبل ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی لندن اور پاکستان کے اجلاس میں وسیم اختر کے حوالے سے سامنے آنے والی پولیس رپورٹ کو مسترد کردیا گیا۔

ایم کیو ایم اجلاس میں وسیم اختر کو ہی کراچی کا میئر نامزد رکھنے کے فیصلے کی توثیق کی گئی۔

install suchtv android app on google app store