صدرکا افغانستان میں دیرپا امن کیلئے پاکستان کی خواہش کا اعادہ

صدرکا افغانستان میں دیرپا امن کیلئے پاکستان کی خواہش کا اعادہ فوٹو فائل

ممنون حسین نے افغان ہم منصب سے ملاقات میں کہا کہ ایک مستحکم اور خوشحال افغانستان پاکستان کے مفاد میں ہے۔

صدر ممنون حسین نے افغانستان میں دیرپا امن اور اسکے ساتھ دوطرفہ تعلقات کے فروغ کیلئے پاکستان کی خواہش کا اعادہ کیا ہے۔

تاشقند میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس کے موقع پر اپنے افغان ہم منصب اشرف غنی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک مستحکم اور خوشحال افغانستان پاکستان کے مفاد میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان ساتھ علاقائی سا لمیت اور خودمختاری کے باہمی احترام کے اصولوں پرمبنی تعاون اور اچھے تعلقات کومزید مضبوط بنانے کا خواہش مند ہے۔انہوں نے کہا کہ افغانستان میں افغان حکومت کی زیر قیادت امن عمل کے ذریعے دیرپا امن کیلئے سیاسی مذاکرات ہی ایک واحد ذریعہ ہے۔

دونوں رہنمائوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قریبی تعاون کی ضرورت پرزور دیا کیونکہ اس سے دونوں ملکوں میں بے گناہ انسانی جانوں کا ضیاع جاری ہے۔صدر نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ملکوں اور ان کے عوم کی سیکورٹی کیلئے موثر سرحدی نظم و نسق ضروری ہے۔

انہوں نے اعلیٰ سطح کا ایک مشاورتی طریقہ کار وضع کرنے کے فیصلے کی توثیق کی جس کی سربراہی مشیر خارجہ اور افغانستان کے وزیر خارجہ کریں گے اور اس میں قومی سلامتی کے دونوںمشیر شامل ہوں گے جو مشترکہ تکنیکی ورکنگ گروپ کے ذریعے معاونت کریں گے تاکہ دونوں ملکوں کے درمیان لوگوں اور گاڑیوں کی نقل و حرکت اور سیکورٹی سے متعلق امور سے موثر طریقے سے نمٹا جاسکے۔

install suchtv android app on google app store