امجد صابری پر حملے کی تحقیقات میں اہم پیش رفت، تحقیقاتی اداروں نے فوٹیج حاصل کر لی

امجد صابری پر حملے کی فوٹیج امجد صابری پر حملے کی فوٹیج

کراچی میں امجد صابری پر حملے کی تحقیقات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ تحقیقاتی اداروں نے جائے وقوعہ پر لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج حاصل کر لی۔ فوٹیج میں نظر آنے والے دو موٹر سائیکل سواروں کو مشتبہ قرار دے دیا گیا۔ واقعہ کا مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے۔

 لیاقت آباد میں جائے وقوعہ کے قریب لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج میں موٹر سائیکل پر دو افراد کو دیکھا جا سکتا ہے۔

پینٹ شرٹ میں ملبوس کیپ پہنے ہوئے شخص موٹر سائیکل چلا رہا ہے۔ پیچھے بیٹھے شخص نے شلوار قمیض پہن رکھی ہے۔ چہرہ بھی کھلا ہوا ہے۔ پولیس نے دونوں کو مشکوک قرار دے دیا حکام کو شبہ ہے حملہ آور امجد صابری کے گھر سے ہی ان کے تعاقب میں تھے۔

یہ بھی پڑھیں: معروف قوال امجد صابری کو آہوں سسکیوں کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا

دوسری جانب فوٹیج میں ایک مشکوک موٹر سائیکل سوار شخص کو فائرنگ کے وقت رکتے بھی دیکھا جا سکتا ہے جو فائرنگ کے مقام سے سو میٹر کے فاصلے پر موجود تھا۔

امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ یہ شخص حملہ آوروں کو" کور "دے رہا تھا۔ تینوں مشکو ک افراد واقعہ کے بعد حسن اسکوائر کی جانب مڑ گئے۔

ادھر تھانہ شریف آباد میں واقعہ کا مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے جس میں دہشتگردی کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم کا امجد صابری کے قتل کا نوٹس، قائم علی شاہ سے رپورٹ طلب

امجد صابری کے قاتلوں تک پہنچنے کے لئے ایڈیشنل آئی جی کراچی نے ایک اور تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی ہے جو ڈی آئی جی ویسٹ ذوالفقار لاڑ کی سربراہی میں تحقیقات کرے گی۔

ٹیم میں ایس ایس پی سنٹرل مقدس حیدر، ایس ایس پی ویسٹ پیر محمد شاہ اور ایس ایس پی انوسٹی گیشن عارب مہر شامل ہیں۔

 

install suchtv android app on google app store