لیاری پی پی کا قلعہ تھا اور رہے گا: آصف علی زرداری

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ سابق صدر پرویز مشرف کی باقیات نے لیاری میں خون کی ہولی کھیلی، تاہم اب دوبارہ لیاری کو امن کا گہوارہ بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی کی قیادت نوجوانوں کے ہاتھ میں دینے کا وقت آگیا ہے، بلاول بھٹو اور آصفہ کے برسر اقتدار آنے تک پارٹی جھنڈا سنبھال کر رکھوں گا۔

لیاری کے ککری گراؤنڈ میں پاکستان پیپلزپارٹی کے جلسہ عام سے خطاب میں سابق صدر اور پی پی کے چیئرمین آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ لیاری کے عوام کا جوش اور ولولہ دیکھ رہا ہوں، لیاری نے ہمیشہ ہمارے دل کو خوش کیا ہے، لیاری آج بھی پیپلزپارٹی کا قلعہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ لیاری کے شہیدوں کے نام لوں تو رات گزر جائے گی، ہر الیکشن کےبعد پیپلز پارٹی نئے ولولے سے زندہ ہوتی ہے، کپتان صاحب کو دکھ ہے کہ الیکشن چوری ہوگیا، پیپلزپارٹی کے کتنے الیکشن چوری ہوگئے ہیں کوئی بتائے گا ؟؟پیپلز پارٹی کے خلاف ہر الیکشن میں دھاندلی ہوتی ہے۔

زرداری کا کہنا تھا کہ پہلا جلسہ میں نے لیاری میں ہی کیا تھا، ایک زمانے میں لیاری نے مجھے ایم این اے بنایا،جب پوری کراچی میں مسئلہ ہوتا تھا تو لوگ لیاری میں پناہ لیتے تھے، تاہم مشرف کی باقیات نے لیاری میں خون کی ہولی کھیلی، میرے دو بچے لیاری میں پیدا ہوئے، اسی گراؤنڈ پر بی بی کے ساتھ دلہا بن کر آیا تھا، ہم بھٹو کے فلسفے پر چلتے ہیں، لیاری کو امن کا گہوار ہ بنائیں گے۔

انہوں نے اپنے صاحبزادے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بلاول اکثر مجھ سے چھپ کر لیاری آ جاتا ہے، لیاری میں بلاول بھٹو انجینیرنگ کالج قائم کریں گے، لیاری میں پانی کی قلت ختم کرنے کیلئے وزیراعلیٰ کو 3ماہ دیے ہیں۔ لیاری کیلئے ایک ارب روپے ترقیاتی فنڈز کا تحفہ لایا ہوں، وقت آگیا ہے کہ پارٹی کی قیادت ناجوانوں کے ہاتھوں میں دیں، بلاول بھٹو اور آصفہ کے آنے تک پیپلزپارٹی کا جھنڈا سنبھال کر رکھوں گا۔

چین کے صدر کے دورے کا ذکر کرتے ہوئے زرداری کا کہنا تھا کہ میں اور میرے تمام کارکنان چینی اشتراک سے چلنے والے تمام منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں بھرپور تعاون فراہم کریں گے، ملک میں چینی سرمایہ کاری کو سیاست کی نذر نہیں ہونے دیں گے، چین سے تعلقات کا آغاز پیپلز پارٹی نے کیا، ہمیں چین کے ساتھ اپنی دوستی پر فخر ہے، جب کہ دونوں ممالکے کے درمیان تعلقات نہایت اہم نوعیت کے ہیں۔

انہوں نے لگے ہاتھوں بھارتی حکومت کو بھی خبردار کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکومت میرے کشمیری بھائیوں کو تنگ نہ کرے۔

install suchtv android app on google app store