ملتان میں سی ٹی ڈی کی کارروائی، 4 مبینہ دہشتگرد ہلاک

پنجاب پولیس کے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے خفیہ اطلاع پر ملتان میں دہشت گردوں کے خفیہ ٹھکانے پر چھاپے کے دوران 4 مفرور ’دہشت گردوں‘ کی ہلاکت کا دعویٰ کیا ہے۔ ترجمان سی ٹی ڈی کی مطابق تقریباً 8 مشتبہ افراد جن کے مبینہ طور پر کالعدم تنظیموں سے تعلقات تھے ضلع کھیڑیاں کی تحصیل جہانیاں میں چھپے ہوئے تھے۔

سی ٹی ڈی ٹیم کو ان کی موجودگی کی خفیہ اطلاع ملی تو ٹیم نے پیر کی صبح مبینہ دہشت گردوں کے خفیہ ٹھکانے پر چھاپہ مارا اور علاقے کو گھیرے میں لیتے ہوئے مشتبہ افراد سے ہتھیار ڈالنے کا مطالبہ کیا۔

ترجمان کے مطابق دہشت گردوں نے اہلکاروں پر فائر کھول دیا جس کے بعد دونوں جانب سے فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوا، دہشت گردوں کی جانب سے چھاپہ مار ٹیم پر دستی بم بھی پھینکے گئے۔

سیکیورٹی حکام کے مطابق فائرنگ کا اختتام اس وقت ہوا جب دہشت گردوں نے خود کو دھماکے سے اڑالیا، 3 مشتبہ افراد دھماکے کے نتیجے میں ہلاک ہوئے جبکہ ایک مشتبہ شخص کی لاش کمپاؤنڈ کے باہر سے برآمد ہوئی جو مبینہ طور پر اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوا تھا۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق بقیہ مشتبہ افراد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

سی ٹی ڈی کی ٹیم نے دہشت گردوں کے ٹھکانے سے 10 کلوگرام بارودی مواد، ایک دستی بم، 2 رائفلز اور پستول برآمد کیا جبکہ اس حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔

خیال رہے کہ حالیہ دنوں میں پنجاب میں سی ٹی ڈی نے اپنی کارروائیاں تیز کردی ہیں۔

گذشتہ ماہ (20 اپریل) کو بھی سی ٹی ڈی نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے 8 مبینہ دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا جبکہ ملزمان کے قبضے سے بھاری مقدار میں بارودی مواد بھی برآمد کیا گیا تھا۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گردوں نے لاہور میں تباہی کا بڑا منصوبہ بنا رکھا تھا۔

11 اپریل کو بھی ملتان اور سیالکوٹ میں کارروائی کرتے ہوئے 9 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کرکے تخریب کاری کی کارروائی کو ناکام بنا دیا گیا تھا۔

8 اپریل کو لاہور کے قریب محکمہ انسداد دہشت گردی کی کارروائی کے نتیجے میں کالعدم تنظیم کے 10 مبینہ دہشت گرد ہلاک ہوگئے تھے۔

مناواں میں ہونے والی کارروائی کے دوران ہلاک ہونے والے دہشت گردوں میں لاہور کے مال روڈ پر خودکش حملے کا سہولت کار بھی شامل تھا۔

install suchtv android app on google app store