پنجاب میں رینجرز کو اختیارات دینے کی سمری

وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہبازشریف کی زیرصدارت صوبائی ایپکس کمیٹی کا اجلاس وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہبازشریف کی زیرصدارت صوبائی ایپکس کمیٹی کا اجلاس

پنجاب میں رینجرز کو اختیارات دینے کی سمری محکمہ داخلہ نے منظوری کے لئے گورنر رفیق رجوانہ کو بھجوادی ہے۔ پنجاب میں دہشت گردی کے خلاف آپریشن کے لیے رینجرز سے مدد لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے لئے محکمہ داخلہ کی جانب سے رینجرز کو صوبے میں 60 روز کیلئے اختیارت دینے کی سفارش کی گئی ہے اور سمری منظوری کیلئے گورنر رفیق رجوانہ کو بھجوادی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق رینجرز کو آرٹیکل 7 اور10 کے تحت اختیارات دیئے جائیں گے اور رینجرز کو آرٹیکل 147 اور اینٹی ٹیررازم ایکٹ 1997 کے تحت بلایا جارہا ہے جب کہ پنجاب میں رینجرز آپریشنز سے متعلق اپیکس کمیٹی فیصلہ کرے گی اوررینجرز کو ضرورت کے تحت پنجاب میں سی ٹی ڈی اور پولیس کی مدد کیلئے بلایا جائے گا جب کہ جو بھی ٹارگٹڈ آپریشن ہوگا اس میں رینجرز کی معاونت حاصل کی جائے گی۔

واضح رہے کہ گذشتہ روزوزیراعلیٰ شہبازشریف کی زیرصدارت صوبائی اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں صوبے میں دہشت گردی کے خلاف رینجرز کی مدد لینے کا فیصلہ کیا گیا تھا جب کہ لاہورمیں مال روڈ پر خود کش حملے سمیت ملک میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات میں 100 سے زائد افراد جاں بحق اورسیکڑوں زخمی ہوچکے ہیں۔

دہشت گردوں کے خلاف بے رحمانہ آپریشن

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف بے رحمانہ آپریشن ہو گا اور ان کے خلاف بلا امتیاز اور بلا تفریق کارروائی ہو گی۔

یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو پناہ دینے والوں کو بھی نہیں چھوڑا جائے گا۔

ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبہ بھر میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر ہونے والے آپریشن کا دائرہ کار مزید وسیع کیا جائے گا۔

اجلاس میں افغان مہاجرین کی غیر قانونی نقل و حرکت روکنے کے لئے سخت اقدامات کا بھی فیصلہ کیا گیا جبکہ پنجاب کے سرحدی اضلاع کی کڑی نگرانی پر بھی زور دیا گیا۔

اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ اندرونی و بیرونی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے تمام انیٹلی جنس اداروں کے درمیان تعاون مزید بہتر بنایا جائے گا جبکہ صوبائی انٹیلی جنس کمیٹی کااجلاس باقاعدگی سے منعقد ہوگا۔

کالعدم تنظیموں کے خلاف بلاامتیاز ہر جگہ کارروائی ہوگی، کالعدم تنظیموں کے تمام چھوٹے بڑے کارندوں کو گرفتار کیا جائے گا اور کالعدم تنظیموں کی مالی معاونت کے تمام ذرائع بند کئے جائیں گے۔

اجلاس میں چائنا پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے منصوبوں اورغیر ملکی شہریوں کی سکیورٹی مزید فول پروف بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔

دہشت گردی، عسکریت پسندی،ا نتہاپسندی اور فرقہ واریت کے خاتمے کیلئے نیشنل ایکشن پلان کے تحت کئے جانے والے اقدامات پر پیش رفت کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس سے خطاب میں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا کہ 'قائد اعظم محمد علی جناحؒ کے پاکستان میں کسی کو آگ اور خون کا کھیل نہیں کھیلنے دیں گے، دہشت گردی، انتہاپسندی اور فرقہ واریت پاکستانی عوام کا مقدر نہیں'۔

انہوں نے کہا کہ 'آخری دہشت گرد کے خاتمے تک یہ جنگ جاری رہے گی، معصوم لوگوں کی زندگیوں سے کھیلنے والے عبرت ناک انجام سے نہیں بچ پائیں گے'۔

شہباز شریف نے کہا کہ 'دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیاسی و عسکری قیادت ایک صفحے پر ہے، شہداء کے قیمتی خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیا جائے گا'۔

install suchtv android app on google app store