نواز شریف کو ملک نہیں اپنی دولت پیاری ہے: عمران خان

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان چیئرمین تحریک انصاف عمران خان

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ میاں صاحب کے سارے جھوٹ پکڑے گئے ، انہیں ملک نہیں صرف اپنی دولت پیاری ہے۔

عمران خان نے چترال میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا پاکستان میں عوام کے پیسے سے مجرموں کو چالیس، 40 گاڑیوں کا پروٹوکول مل رہا ہے جبکہ اسحاق ڈار کے بچوں نے دبئی میں 10دس ارب کے ٹاور بنائے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا ساری قوم انتظار کر رہی ہے کہ حدیبیہ پیپر مل کیس کھولا جائے اور سانحہ ماڈل ٹاؤن کی رپورٹ کو بھی منظر عام پر لایا جائے۔وزیر اعظم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی نے (ن) لیگ کے ایم این ایز کو 94 ارب روپے دیئے، ایم این ایز کو فنڈز دینے سے کرپشن میں اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا ترقیاتی فنڈزکی وجہ سے الیکشن لڑنے کا خرچ بڑھ گیا، ملک کا بچہ بچہ مقروض ہوچکا ہے، کنٹریکٹرز اور ذاتی مفادات رکھنے والے لوگ سیاست میں آگئے، کرپشن ملک کو کنگال کر چکی ہے۔

چیئرمین تحریک انصاف نے کہا حکومت کا کام عوام کی زندگی کو آسان کرنا ہے، اسکے لئے ہم سب سے بہتر بلدیاتی نظام لائے کیونکہ بلدیاتی نظام سے عوام کے مسائل حل ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کمزور طبقے کی مدد کرنا حکومتی ذمہ داری ہوتی ہے، جو اپنی ذات کیلئے آتا ہے اسے کہنا پڑتا ہے مجھے کیوں نکالا۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا الیکشن جیت کر چار شعبوں میں ایمرجنسی نافذ کریں گے، سب سے پہلے تعلیم کے شعبے میں ایمرجنسی لائیں گے کیونکہ کوئی بھی ملک تعلیم کے بغیر ترقی نہیں کر سکتا، سنگاپور 50 سال پہلے ہم سے پیچھے تھا لیکن آج وہاں تعلیم پر پیسہ خرچ کیا گیا اور وہ ترقی کر گئے۔

install suchtv android app on google app store