پاک افغان سرحدی نگرانی کے لیے جدید آلات بھی نصب کیے جارہے ہیں: سربراہ پاک فوج

پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ پاک افغان سرحد پر باڑ لگانے کا عمل شروع کیا جا چکا ہے، باڑ لگانے کے حوالے سے پہلی ترجیح باجوڑ ایجنسی اور مہمند ایجنسی کے حساس ترین علاقے ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے مہمند ایجنسی اور اورکزئی ایجنسی میں اگلے مورچوں سورن اور کلایا کا دورہ کیا، دورے کے دوران انہوں نے افسروں و جوانوں سے ملاقات کی۔

سرحدی سیکیورٹی اور سرحد پار سے دہشت گردوں کے حملے ناکام بنانے کے حوالے سے آرمی چیف کو تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاک افغان سرحد پر تیکنیکی بنیادوں پر نگرانی کا نظام بھی نصب کر دیا گیا ہے جبکہ فضائی نگرانی بھی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج وطن کے تحفظ کے لیے دستیاب تمام وسائل بروکار لائے گی۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاک افغان مشترکہ باڈر میکانزم بھی متعارف کروانے کی کوشش کی جارہی ہے، محفوظ، منظم اور پرامن سرحد دہشت گردی کے خلاف قربانیاں دینے والے دونوں ممالک پاکستان اور افغانستان کے وسیع تر مفاد میں ہے۔

پاکستان کے قبائلی علاقوں کے حوالے سے قمر جاوید باجوہ نے بتایا کہ فاٹا کو قومی دھارے میں لانا ملکی مفاد میں ہے۔

خیال رہے کہ پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ آج کل سرحدی علاقوں کے دورے پر ہیں۔

گزشتہ روز انہوں نے مشرقی سرحد پر چوکیوں کے دورے میں جوانوں سے ملاقات کی تھی۔

آئی ایس پی آر نے بتایا تھا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لائن آف کنٹرول کے کیل سیکٹر اور شاردہ میں اگلے مورچوں کا دورہ کیا۔

install suchtv android app on google app store