کرم ایجنسی میں ٹی ٹی پی کمانڈر ہلاک

وفاق کے زیر انتطام قبائلی علاقے (فاٹا) کی کرم ایجنسی میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے سابق کمانڈر فضل سعید حقانی کو ان کے گارڈ نے فائرنگ کرکے ہلاک کردیا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق گارڈ کی فائرنگ سے فضل سیعد حقانی کے علاوہ ان کا ایک گارڈ بھی ہلاک ہوا۔

ذرائع کے مطابق ٹی ٹی پی کے سابق کمانڈر پر حملہ کرنے والے کی شناخت ادریس کے نام سے ہوئی ہے اور وہ گذشتہ 3 سال سے فضل سعید حقانی کے ساتھ تھا۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ ہلاک ہونے والا ٹی ٹی پی کمانڈر فضل سعید حقانی ٹی ٹی پی کا سرگرم کمانڈر تھا جبکہ وہ اَپر اور لوئر کرم ایجنسی میں دہشتگردی کی سرگرمیوں میں بھی ملوث رہا۔

تاہم ٹی ٹی پی میں تقسیم اور تنظیم کے سابق کمانڈر حکیم اللہ محسود سے اختلافات کے بعد فضل سعید حقانی نے اپنا گروپ تشکیل دیا تھا جسے 'تحریک طالبان اسلامی' کا نام دیا گیا اور وہ اس کے سربراہ کے طور پر جانے جاتے تھے۔

خیال رہے کہ غیر ملکی خبر رساں اداروں کی رپورٹس کے مطابق فضل سعید حقانی پر ماضی میں متعدد بار حملے ہوچکے ہیں تاہم وہ ہر مرتبہ بچ نکلنے میں کامیاب رہے۔

بشتر رپورٹس میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا ہے کہ ان کے حقانی نیٹ ورک سے اچھے تعلقات تھے جس کی وجہ سے وہ پاکستانی حکومت، فوج اور ایجنسیوں سے بھی قریب تر رہے تاہم فضل سعید متعدد مرتبہ ان دعوؤں کی تردید بھی کرچکے تھے۔

install suchtv android app on google app store