پشاور: ڈی ایس پی کی گاڑی کے قریب دھماکا

پشاور: ڈی ایس پی کی گاڑی کے قریب دھماکا پشاور: ڈی ایس پی کی گاڑی کے قریب دھماکا

صوبہ خیبر پختونخواہ کے دارالحکومت پشاور میں ایک ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس (ڈی ایس پی) کی گاڑی کے قریب دھماکا ہوا، تاہم کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق ناردرن بائی پاس کے قریب ڈی ایس پی چمکنی عبدالسلام کی گاڑی کے قریب دھماکا ہوا، حملہ آوروں نے ریموٹ کنٹرول بم سے گاڑی کو نشانہ بنایا۔

ڈی ایس پی واقعے میں محفوظ رہے، تاہم ان کی گاڑی کو معمولی نقصان پہنچا۔

اس سے قبل پشاور کے علاقے کارخانو مارکیٹ کے قریب بھی سڑک کنارے نصب بم سے دھماکا کیا گیا، دھماکے سے کچھ دیر قبل ہی ایک پولیس موبائل وہاں سے گزری تھی۔

خوش قسمتی سے دھماکے کے نتیجے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم ایک مسافر بس کو معمولی سا نقصان پہنچا اور اس کے شیشے ٹوٹ گئے۔

بم ڈسپوزل اسکواڈ (بی ڈی ایس) کے ایک عہدیدار کے مطابق دھماکے میں 6 کلوگرام دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا، جسے سڑک کنارے ایک پائپ میں نصب کیا گیا تھا۔

ملک بھر میں دہشت گردوں کے مذموم عزائم پست کیے جانے کے باوجود صوبہ خیبر پختونخوا میں وقتاً فوقتاً دہشت گردی کے واقعات پیش آرہے ہیں.

رواں برس بھی پشاور میں سیکیورٹی فورسز کو متعدد مرتبہ دہشت گردوں نے نشانہ بنایا۔

گذشتہ ماہ 22 نومبر کو پشاور میں سڑک کنارے نصب بم دھماکے کے نتیجے میں فرنٹیئر کورپس (ایف سی) کے 3 اہلکار جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے تھے۔

رواں برس جنوری میں بھی پشاور کی کارخانو مارکیٹ کے قریب دھماکے کے نتیجے میں خاصہ دار فورس کے اہلکاروں سمیت 10 افراد ہلاک اور 20 سے زائد زخمی ہوئے تھے.

اس دھماکے کی ذمہ داری کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) فضل اللہ گروپ نے قبول کی تھی۔

install suchtv android app on google app store