بنوں: سیکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں تین شدت پسند ہلاک

بنوں: سیکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں تین شدت پسند ہلاک فائل فوٹو

صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں سیکیورٹی فورسز اور شدت پسندوں کے درمیان ہونے والی ایک جھڑپ میں تین شدت پسند ہلاک ہوگئے۔

ایف آر بنوں کے علاقے جانی خیل میں شدت پسندوں اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپ ہوئی جس کے نتیجے میں تین شدت پسند ہلاک، جبکہ چار کو گرفتار کرلیا گیا۔

سرکاری ذرائع نے بتایا ہے کہ سیکیورٹی نے جانی خیل کے علاقے ولی نور میں سرچ آپریشن کیا، جس کے دوران شدت پسندوں کے ساتھ ان کی جھڑپ ہوئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار ہونے والے چار شدت پسندوں میں ایک اہم کمانڈر بھی شامل ہے۔

واقعہ کے بعد علاقے میں کرفیو نافذ کردیا گیا ہے اور فورسز سرچ آپریشن کررہی ہے۔

ذرائع کے مطابق گرفتار شدت پسندوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔

دوسری جانب پشاور کے نواحی علاقے میں بم ڈسپوزل یونٹ کے عملے نے بجلی کے ایک ٹاور کو اڑانے کا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے تین بموں کو ناکارہ بنا دیا۔

پولیس کے مطابق تھانہ خزانہ کی حدود گڑھی صحبت خان میں نامعلوم افراد نے بجلی کے ٹاور کے ساتھ پانچ پانچ کلو وزنی تین بم نصب کیے تھے۔

تاہم بم ڈسپوزل یونٹ کے عملے نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تینوں بموں کو ناکارہ بنا دیا۔

پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تفتیش شروع کردی ہے۔

install suchtv android app on google app store