ایل او سی: بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ،7 شہری زخمی

بھارتی فوج فائل فوٹو بھارتی فوج

بھارتی فوج نے ایک مرتبہ پھر لائن آف کنٹرول پر سیز فائر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلااشتعال فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 7 شہری زخمی ہوگئے۔

بھارتی فوج نے ہفتے کی صبح 7 بجے خوئی رٹہ، چرہوئی، سماہانی، سبزکوٹ، چاہی اور ٹنڈر سیکٹر میں فائرنگ کا سلسلہ شروع کیا جو ڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بھارتی فوج کی فائرنگ کے نتیجے میں 3 افراد حاجی محمد یونس، ریحانہ بی بی اور سمینہ بیگم کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔

تاہم آزاد کشمیر حکام کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج کی فائرنگ سے 4 خواتین سمیت 7 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

حکام نے بتایا کہ 4 افراد ضلع کوٹلی کے خوئی رٹہ اور چرہوئی سیکٹر میں زخمی ہوئے جبکہ 3 افراد بھمبر میں سماہانی سیکٹر میں بھارتی فوج کی فائرنگ کا نشانہ بنے۔

ایس ایس پی کوٹلی چوہدری ذوالقرنین سرفراز کا کہنا ہے کہ بھارتی فورسز کی جانب سے شیلنگ صبح 7 بجے شروع کی گئی جس میں شہری آبادیوں کو نشانہ بنایا گیا اور یہ شیلنگ شدید تھی جو ڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہی۔

ایس ایس پی کوٹلی کے مطابق محمد یونس ، ریحانہ اور سمینہ خوئی رٹہ سیکٹر میں زخمی ہوئیں جبکہ افراز بیگم نامی خاتون چروہی سیکٹر کے سبزکوٹ گاؤں میں زخمی ہوئیں۔

انہوں نے بتایا کہ کتھیالہ گاؤں میں انیلا بی بی، چاہی گاؤں میں محمد شریف اور ٹنڈر گاؤں میں نثار احمد بھارتی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہوئے جبکہ ان زخمیوں میں سے دو افراد کی حالت نازک ہے۔

یاد رہے کہ چند روز قبل بھارت نے الزام لگایا تھا کہ پاکستانی فوج نے سرحد پر دو بھارتی فوجیوں کو قتل کر کے ان کی لاش کو مسخ کردی ہے جس کے بعد ایل او سی پر کشیدگی میں مزید اضافہ ہوا۔

تاہم پاکستانی حکام نے اس واقع میں ملوث ہونے کی تردید کی تھی۔

install suchtv android app on google app store