مقبوضہ کشمیر میں طلبہ نے کالج پر پاکستانی پرچم لہرا دیا

مقبوضہ کشمیر میں طلبہ نے کالج پر پاکستانی پرچم لہرا دیا مقبوضہ کشمیر میں طلبہ نے کالج پر پاکستانی پرچم لہرا دیا

مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فورسز نے ہندواڑہ میں طلبا کے خلاف طاقت کا وحشیانہ استعمال کرتے ہوئے متعدد طلبا کو زخمی کر دیا، زخمیوں میں سے ایک طالبہ کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے جسے علاج کے لیے سرینگر کے ایک اسپتال میں منتقل کردیا گیا جبکہ طلبہ نے کالج کی عمارت پر پاکستانی پرچم بھی لہرا دیا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ہندواڑہ ڈگری کالج کے طلبا نے پلوامہ اور دیگر علاقوں میں طلباکی گرفتاری اوران پر تشدد کے خلاف قصبے میں ایک احتجاج ریلی نکالناچاہی لیکن علاقے میں تعینات بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں نے انھیں منتشرکرنے کے لیے آنسو گیس کی شدید شیلنگ کی جس کے باعث متعدد طلبا زخمی ہوگئے، ریلی میں طالبات کی بھی ایک بڑی تعداد شریک تھی اوران میں سے بھی کئی زخمی ہوئی ہیں جبکہ طلبا نے کالج کے احاطے سے باہر آنے اور قصبے کے مرکزی چوک کی طرف مارچ سے پہلے کالج کے انتظامیہ بلاک کی عمارت پر پاکستانی جھنڈا بھی لہرایا۔

دوسری جانب اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے انتونیو گیترس مقبوضہ کشمیر کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر ’’ گہری نظر ‘‘ رکھے ہوئے ہیں جو بھارت اور پاکستان کے درمیان وجہ تنازع ہے، سیکریٹری جنرل کے ترجمان سیفن ڈوجیرک نے روزانہ کی پریس بریفنگ کے دوران بتایا کہ انتونیو گیترس مقبوضہ کشمیر کی تازہ صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور انھوں نے پاکستان اور بھارت دونوں کو پرامن حل نکالنے کے لیے مذاکرات کرنے پر زور دیا ہے۔


ادھر سرینگر میں حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ بھارتی فوج کے زیر انتظام مقبوضہ وادی میں چلنے والے اسکولوں (ڈی پی ایس ) میں ہمارے بچوں کو ہماری ثقافت، عقیدے اور نظریات کو بدلنے کے مزموم ارادے کبھی کامیاب نہیں ہونگے، والدین اپنے بچوں کوایسے تعلیمی اداروں میں بھیجنے سے گریز کریں، انھوں نے بھارتی فوج کی طرف سے ’’گْڈ ول اسکولوں‘‘ کے قیام کو تشویشناک معاملہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کشمیری بچوں کی جبری قبضے کے حق میں ذہن سازی کرنے کی ایک سازش ہے۔

علاوہ ازیں سید علی گیلانی نے کہا شوپیاں میں محاصرے کے دوران ایک ڈرائیور کے قتل کی ذمے دار بھارتی فوج ہے، انھوں نے قطب الدین پورہ نوہٹہ میں رات کے قت چھاپوں ، گھریلو اشیاء اور گاڑیوں کی توڑ پھوڑ پر بھی اپنی سخت تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ ایک جوان کو گرفتار کرنے کے لیے پورے محلے پر قہر ڈھایا گیاہے۔

install suchtv android app on google app store